ایکسپائر ڈ شناختی کارڈ کی فوری تجدید ورنہ جون کے بعد جرمانے
مجموعی طور پر 2 کروڑ 74 لاکھ سے زائد شناختی کارڈززائد المیعاد ہو چکے :اعدادوشمار
اسلام آباد (اے پی پی)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے ملک بھر کے شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ وہ اپنے زائد المیعاد (ایکسپائرڈ)شناختی کارڈز کی فوری تجدید کروائیں تاکہ بینک اکاؤنٹس، موبائل سمز اور دیگر ضروری خدمات کی معطلی سے بچا جا سکے ۔نادرا کے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس وقت مجموعی طور پر 2 کروڑ 74 لاکھ سے زائد قومی شناختی کارڈز، 23 لاکھ اوورسیز کارڈز، 1 کروڑ 16 لاکھ بچوں کے برتھ سرٹیفیکیٹس اور 2 لاکھ سے زائد جووینائل کارڈز کی مدت ختم ہو چکی لیکن شہریوں نے اب تک ان کی تجدید نہیں کروائی۔ نادرا نے خبردار کیا ہے کہ اگر تجدید کے رجحان میں بہتری نہ آئی تو اگلے مالی سال (جون کے بعد)سے تاخیر کی صورت میں بھاری جرمانے اور اضافی فیس عائد کی جا سکتی ہے ،فعال شناختی کارڈ کے بغیر موبائل سروسز بند کی جا سکتی ہیں، اس وقت تقریباً 45 لاکھ ایسے شناختی کارڈز پر 81 لاکھ سمیں چل رہی ہیں جن کی میعاد ختم ہو چکی ۔