مہنگائی کی شرح میں 1.93فیصد اضافہ،28اشیا مہنگی
مشرق وسطیٰ کشیدگی کے باعث سالانہ بنیاد پر مہنگائی بڑھ کر 12.15فیصد ہوگئی ایک ہفتے میں ٹماٹر 9.35، آلو 4.13، پیاز3.84 ، گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ
اسلام آباد (نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) مشرق وسطیٰ کشیدگی کے بعد پاکستان میں مہنگائی کا ریلا عوام کیلئے مزید تباہ کن ہوگیا، گزشتہ ہفتے مہنگائی میں 1.93 فیصد اضافہ ہوا ، سالانہ بنیاد پر مہنگائی میں اضافے کی شرح 9.12 فیصد سے بڑھ کر 12.15فیصد ہوگئی ۔ گزشتہ ہفتے 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 8 اشیاء سستی اور 15 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ایک ہفتے میں ڈیزل 54.71 اور پٹرول 17.86 فیصد مہنگا ہوا ، جب کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں 8.61 فیصد اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 9.35، آلو 4.13، پیاز3.84 اور انڈے کی قیمتوں میں3.77 فیصد اضافہ ہوا ، جب کہ بیف، مٹن، بریڈ اور پکی ہوئی دال بھی مہنگی ہوئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق چکن، آٹا، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ، لہسن3.78 اور کیلے 3.39 فیصد سستے ہوئے ۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریے کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی رفتار0.75فیصد اضافے کے ساتھ 9.33فیصد رہی۔ 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 1.02فیصد اضافے کے ساتھ11.50فیصد رہی۔ 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی رفتار1.17فیصد اضافے کے ساتھ 10.51فیصد ، 29 ہزار 518 روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی رفتار 1.56فیصد اضافے کے ساتھ 10.61فیصد رہی۔