کچھ لوکچھ دو، ٹرمپ آگے بڑھنے کے موڈمیں

کچھ لوکچھ دو، ٹرمپ آگے بڑھنے کے موڈمیں

بہت سے معاملات طے پاسکتے ،71 فیصد امریکی مذاکرات کے حامی معاملات انتہائی سنجیدہ پوزیشن میں ہیں:آج کی بات سیٹھی کیساتھ میں گفتگو

 لاہور (دنیا نیوز )دنیا نیوز کے پروگرام’’ آج کی بات سیٹھی کے ساتھ ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات بہت اہم ہیں ، ہو سکتا ہے تمام اہم معاملات طے نہ ہوں لیکن امید ہے کہ بہت سے طے ہو جائیں گے ، معاملات انتہائی حساس ہیں اس لیے میڈیا کو ذرا فاصلے پر رکھا گیا ہے ، اسے بعد میں انفارم کیا جائے گا ، معاملات اس وقت انتہائی سنجیدہ پوزیشن میں ہیں، اسی لیے ایرانی اور پاکستانی میڈیا کو محتاط رکھا گیا ہے ، ادھر ایر ان اپنے ساتھ بہت زیادہ لوگ لے کر آیا ہے اس کا مطلب ہے کہ وہ مذاکرات میں بہت سنجیدہ ہے ۔ پہلے تو امریکا میں یہ سوچ تھی کہ پاکستان میں مذاکرات کیوں ہو رہے ہیں ، اس کی تو حیثیت ہی نہیں ، لیکن جیسے ہی اعلان ہوا کہ ایران آ رہا ہے ، 10 اور 15 نکاتی ایجنڈا ڈسکس ہو رہا ہے ، تو یکدم وہاں سوچ بدل گئی اور اس کے حق میں رائے 71 فیصد تک مثبت ہو گئی ، اس سے انڈیا میں ہلچل مچ گئی ہے ۔

انڈیا کے اپنے لوگ وہاں کی حکو مت کے خلاف ہو گئے ہیں ، لوگ سمجھتے ہیں کہ پوری دنیا کی معیشت متاثر ہو رہی ہے اور پاکستان کا کردار اس میں بہت ہی اہم ہو گیا ہے ، لگتا ہے ٹرمپ کو اب سمجھ آ گئی ہے کہ روبیو کی ایڈوائس درست نہیں تھیں ، پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ایسا کر دو ،بوٹس آن گرائونڈ بھی کر دو ، لیکن وینس نے کہا میں آپ کو یہ ایڈوائس نہیں دو نگا ، اس لیے ٹرمپ نے روبیو کو آئوٹ اور وینس کو ان کیا ، یعنی انہوں نے اس کی بالکل مخالفت کی ۔ ٹرمپ امریکا کے آئیڈیل صدر نہیں ہیں ، ان کے اپنے مفادات ہیں ، امریکا کے سارے مفادات اسرائیل سے نہیں ملتے ، اسی لیے سب کہہ رہے ہیں کہ نیتن یاہو کے پریشر کی وجہ سے ٹرمپ مجبور ہوئے ، لیکن اب اسے سمجھ آ گئی ہے اور کوشش ہے کہ اب معاملات کوسیدھا کرلیا جائے ، حالات اس طرح کے بن چکے ہیں کہ اس موقع پر کچھ لو کچھ دوہو گا ، اس لیے امید یہی ہے کہ مذاکرات کامیابی کی طرف جائیں گے ، ٹرمپ اس موڈ میں ہیں کہ کمپرو مائز کر کے آگے بڑھا جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں