بلوچستان کے مسائل ، بہتر طرزِ حکمرانی کی ضرورت :صدر
آبپاشی ضروریات کیلئے علاقائی سطح پر تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ترقی ،قومی دھارے میں شمولیت کیلئے وسائل فراہم کرتے ر ہیں گے ، خطاب
اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر )صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے مکالمے ، بہتر طرزِ حکمرانی، بہتر روابط اور موثر آبی نظم و نسق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے استحکام اور ترقی کے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوانِ صدر میں 19ویں نیشنل ورکشاپ برائے بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر سائنس ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی، سابق وزیراعظم و رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ،سردار یار محمد رند دیگر شخصیات نے شرکت کی ،پاک فوج کی 12 ویں کور کے کمانڈر سگنلز بریگیڈیئر بلال غفور نے تقریب کی نظامت کی ، صدر نے کہا کہ بلوچستان کی آبپاشی ضروریات کیلئے علاقائی سطح پر تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
صدر نے صوبے کے مسائل کے حل کیلئے اتحاد اور داخلی احتساب کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مکالمہ اور جمہوری عمل ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں ، صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی یکجہتی اور ترقی بلوچستان کے استحکام سے جڑی ہوئی ہے حکومت صوبے کی ترقی اور قومی دھارے میں شمولیت کیلئے وسائل اور تعاون فراہم کرتی رہے گی۔ قبل ازیں کمانڈر سگنلز 12 کور بریگیڈیئر بلال غفور نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ورکشاپ بلوچستان حکومتِ بلوچستان کا ایک قابلِ تحسین اقدام ہے ،انہوں نے کہا کہ شرکاء میں سے 60 فیصد کا تعلق بلوچستان جبکہ دیگر 40 فیصد کا تعلق پاکستان کے دیگر علاقوں سے ہے ۔