’’ہن ٹھنڈ رکھ ،بین نہ کر‘‘ خواجہ آصف کا مودی کو مشورہ
اسلام آباد (آن لائن)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی 78 سالہ تاریخ میں ملک کو بین الاقوامی سطح پر آج جیسی مثبت توجہ اور پذیرائی پہلے کبھی حاصل نہیں ہوئی، جس کا کریڈٹ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی مشترکہ حکمتِ عملی کو جاتا ہے۔
موجودہ حالات میں بھارت ماتم ہی کرے گا شادیانے تو نہیں بجا سکتا ،’’مودی کو یہی کہوں گا کہ ہن ٹھنڈ کر بین نہ کر‘‘۔اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ سعودی عرب دراصل جاری اور آئندہ ہونے والے سفارتی مذاکرات کا تسلسل ہے ، جس کے ذریعے پاکستان نے عالمی سطح پر اپنا مو ثر اور باوقار کردار منوایا ،موجودہ سفارتی کوششوں نے پاکستان کو ایک قابلِ فخر مقام پر لا کھڑا کیا ہے ۔وزیر دفاع نے کہا کہ اس وقت دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں اور امید ہے کہ ایران، لبنان اور فلسطین سمیت خطے میں جاری تنازعات کے حل کیلئے ہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے دعا کی کہ خطے میں پائیدار امن، مسلم ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو فروغ ملے ، ملک ہر قسم کے منفی اثرات سے محفوظ رہے اور معاشی چیلنجز بھی جلد حل ہوں۔