ڈیزل32.12روپے لٹر سستا،قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرینگے:شہباز شریف

ڈیزل32.12روپے  لٹر سستا،قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل  کرینگے:شہباز شریف

ڈیزل کی نئی قیمت 353.43 روپے لٹر ، انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر وزیراعظم عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز، پاکستان ،ترکیہ ،قطر کا امن کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق امیر قطر، ترکیہ ،آذربائیجان ،قازقستان اور شام کے صدورکی ملاقاتیں،امریکی صدر کے مشیر مسعد بولوس نے ٹرمپ کا پیغام پہنچایا، اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے پرزور

اسلام آباد،انطالیہ(دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 12 پیسے کمی کی منظوری دیدی،منظوری کے بعد ڈیزل کی قیمت 385.54 روپے سے کم ہو کر 353.43 روپے لٹر ہو گئی۔شہباز شریف نے کہا تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات جس قدر جلدی ممکن ہوا عوام تک پہنچائیں گے ۔پاکستان کی طرف سے مشرق وسطٰی اور خلیج میں جنگ بندی اور قیام امن کیلئے مذاکرات کی کوششوں اور پاکستانی قیادت کے فعال کردار کے وجہ سے وزیرِ اعظم ترکیہ میں منعقدہ پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بنے رہے ۔ملاقاتوں میں عالمی اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اعظم شہباز شریف، ترکیہ  کے صدر رجب طیب اردوان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے مابین سہ فریقی اجلاس کے دوران خطے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے مکالمے اور سفارتکاری کو فروغ دینے کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔

اجلاس میں غزہ اور فلسطین کی تشویشناک صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم نے جنگ بندی میں توسیع اور امن مذاکرات کے متعلق آگاہ کیا، پاکستان اورترکیہ نے پائیدار علاقائی امن کیلئے موجودہ موقع سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔صدر اردوان نے شہباز شریف کی خطے میں امن کیلئے سفارتی کوششوں کو زبردست سراہا، ترکیہ نے پاکستان کی امن کوششوں کی بھرپورحمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا ۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، پاک ترک سٹریٹجک تعاون کونسل کا آٹھواں اجلاس رواں سال انقرہ میں بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے معاشی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور جاری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ دونوں رہنماؤں نے پاک ترک تذویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے پختہ عزم کا اعادہ بھی کیا ۔وزیراعظم کی امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی ،قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیف، آذربائیجان کے صدر الہام علییوف، شامی صدر احمد الشرح سے بھی ملاقاتیں ہوئیں جن میں خوشگوار ماحول میں غیر رسمی بات چیت اور تبادل خیال ہوا۔

وزیرِ اعظم سے قطر کے وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی اور کوسوو کی سابق صدر ویوسا عثمانی نے بھی ملاقات کی۔ ترکیہ کے شہر انطالیہ میں امریکی صدر کے سینئر مشیر برائے عرب و افریقی امور مسعد بولوس نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ، شہباز شریف نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا،انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں ٹرمپ کی قیادت کو سراہا۔ ملاقات کے دوران لبنان میں سیزفائر کے کامیاب معاہدے پر بھی صدر ٹرمپ کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا گیا ، ملاقات میں خطے کی صورتحال، اسلام آباد مذاکرات اور پاکستان کی امن کوششوں پربھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون بڑھانے پر زور دیا،مسعد بولوس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم کو نیک خواہشات پہنچائیں، امریکی مشیر نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا، انہوں نے دہشت گردی کے خلاف اقدامات، اقتصادی ترقی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے سمیت مشترکہ ترجیحات پر پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے میں امریکا کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پاکستان کے عوام، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور اپنی طرف سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مہربان اور خیرسگالی پر مبنی الفاظ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں