پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان، گذز ٹرانسپورٹرز کا انکار

پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان، گذز ٹرانسپورٹرز کا انکار

لاہور سے کراچی کا کرایہ 270 ، بہاولپور 100، بنوں کا 130روپے کم ہوا، عملدرآمد یقینی بنایا جائے :وزیر ٹرانسپورٹ کرائے کم نہیں کر رہے ، ڈیزل مہنگا 263 روپے ہواتھا، سستا ابتک صرف 167روپے کیا گیا:صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس

لاہور،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر سے ،دنیا نیوز)ڈیزل کی قیمت میں فی لٹر 32 روپے کی نمایاں کمی کے بعد ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے انٹر سٹی اور بین الصوبائی روٹس پر کرایوں میں 5 فیصد تک کمی کر دی گئی ہے ، جس کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے ۔تاہم دوسری طرف گڈز ٹرانسپورٹرز نے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کرائے کم کرنے سے انکار کردیاہے ۔تفصیلات کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے بعد نئے کرایہ نامے کے تحت لاہور سے کراچی کا کرایہ 5390 سے کم کرکے 5120 روپے ، حیدرآباد کا 5020 سے کم کرکے 4770، مورو کا کرایہ 4550 سے کم کرکے 4320 روپے جبکہ سکھرکا کرایہ 3630 سے کم کرکے 3450 روپے مقرر کیا گیا ہے ۔اسی طرح لاہور سے صادق آباد کا کرایہ 2370 سے کم ہو کر 2250 ، رحیم یار خان کا2370 سے کم ہو کر 2250 ، خان پور کا کرایہ 2370 سے کم ہو کر 2250 روپے ، احمد پور شرقیہ کا 2160 سے کم ہو کر 2050 روپے اور لاہور تا لودھراں کاکرایہ 1970 سے کم ہو کر 1870 روپے ہو گیا ہے۔

نئے کرایہ نامے کے مطابق لاہور تا بہاولپورکا کرایہ 1970 سے کم ہو کر 1870 ، ملتان کا 1970 سے کم ہو کر 1870، مظفر گڑھ کا 2160 سے کم ہو کر 2050 ، لیہ کا 2350 سے کم ہو کر 2230 روپے ،ڈیرہ اسماعیل خان کا3285 سے کم ہو کر 3120 ،بنوں کا 2510 سے کم کرکے 2380 اورلاہور سے کوٹ ادو کا کرایہ 2340 سے کم کرکے 2220 روپے کر دیا گیا ۔ حکام نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی ہے کہ نئے کرایہ نامے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔علاوہ ازیں وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی ہدایت پر کرایوں میں کمی کے مؤثر نفاذ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مختلف روٹس پر جا کر کرایہ نامے پر عملدرآمد کی نگرانی کریں گی۔وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچایا جا رہا ہے اور مستقبل میں مزید کمی کی صورت میں بھی عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

دوسری طرف صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں تاہم ہم کرایوں میں کمی نہیں کر رہے ، گڈز ٹرانسپورٹرز کے کرائے برقرار رہیں گے ، ٹرانسپورٹرز نے کئی ہزار گاڑیاں کھڑی کر دیں، ہم وسیع ترملکی مفاد میں اپنی گاڑیاں نقصان میں چلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں فی لٹر 263 روپے اضافہ کیا گیا تھا لیکن پچھلے ہفتے 135 روپے اور گزشتہ روز صرف32 روپے 12 پیسے کم کئے گئے ، مجموعی طور پر 167روپے 12پیسے کم کئے گئے ،کرایوں میں کمی ڈیزل کی قیمت میں مزید کمی کے بعد کی جائے گی ، ہم جتنے ٹیکس ادا کرتے ہیں حکومت اتنی سہولیات بھی ہمیں دے ،ٹول ٹیکس ود ہولڈنگ ٹیکس سمیت موٹروے پولیس اور ٹریفک پولیس کے ناجائز چالان میں ریلیف دیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں