قوم تیار،عمران حکم کریں اگلے دن اسلام آباد ہونگے:وزیراعلیٰ پختونخوا

قوم  تیار،عمران  حکم  کریں  اگلے  دن   اسلام  آباد  ہونگے:وزیراعلیٰ پختونخوا

صوبے میں امن و امان کا مسئلہ ریاست کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ،رجیم چینج کے بعد ملک میں سکون نہیں آیا سہیل آفریدی کا 25 اپریل کو آزاد کشمیر،یکم مئی کو لاہور کے دوروں،مردان کیلئے 50 ارب کے پیکیج کا اعلان

مردان (نمائند ہ دنیا، این این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ضلع مردان کے لیے 50 ارب روپے مالیت کے جامع ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں متوازن ترقی کو یقینی بنائے گی۔قوم تیار ہے عمران خان حکم کریں اگلے دن اسلام آباد ہوں گے ،صوبے میں امن و امان کا مسئلہ ریاست کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے ،رجیم چینج کے بعد ملک میں سکون نہیں آیا ، مردان میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے عمران خان کی سٹریٹ موومنٹ کے تسلسل میں 25 اپریل کو پاکستان تحریک انصاف کے یومِ تاسیس کے موقع پر آزاد کشمیر اور یکم مئی کو لاہور کے دوروں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ ایک بار نہیں ہزار بار عمران خان کی کال پر قربان ہوں گے ، ان کا ایک ہی لیڈر ہے اور وہ عمران خان ہے ، اور وہ اسی کی پالیسی پر کل بھی کھڑے تھے اور آج بھی کھڑے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس گراؤنڈ میں منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ جب تک عمران خان اور انکی اہلیہ کا ذاتی معالجین کی نگرانی اور خاندان کے افراد کی موجودگی میں علاج نہیں کرایا جاتا تب تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ مردان کے جلسے میں عوام کا جمِ غفیر عمران خان کی کال پر آیا ہے ،ہماری ذاتی کوئی حیثیت نہیں۔ کچھ کہتے تھے کہ لوگ نہیں نکلیں گے مگر مردان نے ثابت کر دیا کہ عوام عمران خان کی کال پر لبیک کہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے عمران خان کو پیغام دیا ہے کہ قوم تیار ہے ، حکم کریں تو اگلے دن اسلام آباد ہوں گے ۔وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ وہ آپریشن کی مخالفت ڈنکے کی چوٹ پر کرتے رہے ہیں اور عمران خان کی مذاکرات کی پالیسی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آج خطے میں ہونے والے مذاکرات بھی عمران خان کی پالیسی کا نتیجہ ہیں جو وہ 2002 سے پیش کرتے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا عدالتوں سے بھروسہ اٹھ چکا ہے اور اب نظریں عوام پر ہیں۔ عمران خان کا علاج نہ کرانا اور ملاقاتیں بند کرنا دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے تاہم عوام عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی علی اصغر خان نے جلسے میں عوامی مسائل، خیبر پختونخوا کے حقوق، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور عوامی مینڈیٹ کی بحالی کی قرارداد بھی پیش کی جسے شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں