ملک سیاسی،معاشی طور پر مفلوج،موجودہ حکمران دھاندلی کے ذریعے مسلط:فضل الرحمٰن
پاکستان کے قیام کا مقصد آج بھی پورا نہیں ہوا،ہم عالمی قوتوں کے دباؤ پر فیصلے کرتے ،سربراہ جے یو آئی امریکا کا غرور خاک میں مل چکا ،انڈیا کا جلد ختم ہوگا:عبدالغفور حیدری ،مولانا امجد ودیگر کا سیمینار سے خطاب
لاہور(سیاسی نمائندہ ، مانیٹرنگ ڈیسک)جے یو آئی کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ پاکستان ہمارا گھر، کسی جاگیردار یا بیوروکریٹس کی ملکیت نہیں،سید سلمان گیلانی کی یادیں ہمارے دلوں میں ہیں اور زندگی بھر تازہ رہیں گی۔ ایوان اقبال لاہور میں معروف نعت گو شاعر سید سلمان گیلانی کی یاد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلمان گیلانی اپنے والد سید امین گیلانی کی سوچ،نظر،لہجہ اور فکر کے امین تھے ۔سیمینار سے جنرل سیکرٹری جے یوآئی مولانا عبدالغفور حیدری، سابق وفاقی وزیر سعد رفیق،مر کزی ڈپٹی سیکرٹری جنر ل مولا نا محمد امجد خان، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ،معروف صحافی مجیب الرحمن شامی،ترجمان جے یوآئی پاکستان اسلم غوری، مولانا زاہد الراشدی، مولانا اللہ وسایا،مولانا کفیل شاہ بخاری، مولانا سعید یوسف، حافظ نصیر احمد احرار،حافظ غضنفر عزیز، حافظ عبدالرحمن، معروف شاعر ڈاکٹر طاہر شہیر،صاحبزادہ سید اسامہ گیلانی ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔مولانا فضل الرحمن نے مزید کہاکہ حکومت سے اختلاف کا مطلب یہ نہیں کہ ہم وطن کا چہرہ نوچیں،پاکستان کے قیام کا مقصد آج بھی پورا نہیں ہوا۔
ہم عالمی قوتوں کے دباؤ پر فیصلے کرتے ہیں،مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ہندوستان کی جارحیت کے خلاف سب سے پہلا بیان ہم نے دیا تھا ،پاکستان آج دنیا کو عالمی جنگ سے بچارہا ہے یہ پاکستان کا اعزاز ہے ، ملکی پالیسی میکرز سے سوال ہے کہ آج ہماری مشرقی،مغربی سرحدیں اور کاروبار بند ہیں چائنہ آج پاکستان سے ناراض ہے ، بتایا جائے پاکستان کا اقتصادی مستقبل کیا ہے ؟ موجودہ حکمران عوامی مینڈیٹ کے بجائے مصنوعی بیساکھیوں اور دھاندلی زدہ دستاویزات کے ذریعے مسلط ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹرمپ کی سفارتی محاذ پر زبان بدمعاش جیسی ہے وہ مذاکرات کی زبان سیکھیں ۔ جنرل سیکرٹری جے یوآئی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا سید سلمان گیلانی عاشق رسولؐ ؐتھے ان کی نظمیں آمریت کے خلاف استقامت کا استعارہ تھیں۔ مولانا امجد خان نے کہا امریکا کا غرور خاک میں مل چکا ،جلد انڈیا کا غرور بھی ختم ہوگا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ شاعری کے محاذ پر سلمان گیلانی معتبر نام تھا، وہ چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے تھے ۔ سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کی لائن آف ڈیفنس ہے ، ریاست جے یوآئی کا راستہ کیوں روکتی ہے دیوار سے کیوں لگایا جاتا ہے ؟میں جے یوآئی کا رکن نہیں لیکن نظریاتی طور پر جے یوآئی سے متفق ہوں۔