سکیورٹی صورتحال :پی ایم ایس امتحانی مراکز راولپنڈی سے لاہورمنتقل

سکیورٹی صورتحال :پی ایم ایس امتحانی مراکز راولپنڈی سے لاہورمنتقل

1216 امیدواروں کے لازمی پیپرز اب ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن لاہورمیں ہونگے امیدوار 24سے 26اپریل تک نئے سنٹر میں حاضری یقینی بنائیں:سیکرٹری پی پی ایس سی

راولپنڈی (خاور نواز راجہ)پنجاب پبلک سروس کمیشن نے سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پی ایم ایس 2025 کے راولپنڈی ڈویژن کے 1216 امیدواروں کے لازمی مضامین  کے پیپرز کا امتحانی مراکز راولپنڈی سے لاہور منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ،یہ فیصلہ ممبر پنجاب پبلک سروس کمیشن مرزا سہیل عامر کی زیر صدارت قائم کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد عبدالعزیز کی حتمی منظوری کے بعد سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ،پی ایم ایس 2025 کے 1216 امیدوار جن میں 754 مرد اور 462 خواتین شامل ہیں۔

جو 24 اپریل سے 26 اپریل 2026 تک راولپنڈی کے گورنمنٹ گارڈن گریجویٹ کالج لیاقت روڈ اور گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن جھنڈا چیچی میں امتحان دینے والے تھے ، انہیں اسلام آباد اور راولپنڈی کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کے باعث لاہور منتقل کر دیا گیا ہے ، امیدواروں کے امتحانات اب ڈویژنل پبلک سکول، ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوں گے ۔ترجمان کے مطابق متاثرہ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ سے اپنے نظرثانی شدہ ایڈمیشن لیٹرز 21 اپریل 2026 کو دوپہر 2 بجے کے بعد ڈاؤن لوڈ کریں اور مقررہ شیڈول کے مطابق نئے امتحانی مرکز میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں