پختونخوا حکومت کے بروقت اقدامات،گندم اورآٹے کے نرخ کم ہوگئے :مزمل اسلم
پشاور(اے پی پی)مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کے بروقت اقدامات سے گندم کے نرخ 13500 روپے سے کم ہو کر 9000 روپے پر آگئے تھے جس سے نہ صرف خیبرپختونخوا میں بلکہ دیگر صوبوں میں بھی گندم اور آٹے کے نرخ کم ہو گئے تھے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کیا۔ مزمل اسلم نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے فیصلے کی تعمیل میں 136,000 میٹرک ٹن گندم اوسط لاگتِ حصول 10,414 روپے فی 100 کلوگرام کے حساب سے جاری کی گئی، جبکہ ایکس مل اور پرچون آٹے کی قیمتیں بالترتیب 2,190 روپے فی 20 کلوگرام اور 2,220 روپے فی 20 کلوگرام مقرر کی گئیں۔ اس مداخلت نے مارکیٹ کو نمایاں طور پر مستحکم کیا، جس کے نتیجے میں پشاور میں گندم کی قیمت میں 33 فیصد کمی دیکھنے کو ملی۔