سیاست ہو یا دفاع ، ہم نے بھرپور کردارادا کیا،نواز شریف
شہبازشریف ،اسحاق ڈار، عاصم منیرنے تاریخی کام کیا، دنیا میں سبزپاسپورٹ کی عزت ہو رہی وزیر اعظم سے پیسے لیکرگلگت بلتستان کو دونگا،بجٹ جیبوں میں نہیں جانا چاہئے ،خطاب
گلگت بلتستان (دنیا نیوز)مسلم لیگ(ن)کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی عزت بڑھانے کیلئے تاریخی کام کیا۔گلگت بلتستان پارلیمانی بورڈ کے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست ہو یا دفاع کا معاملہ، ہم نے اپنا بھرپور کردارادا کیا۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف، اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انتھک محنت کی، آج دنیا بھر میں ایک بار پھر سبز پاسپورٹ کی عزت ہو رہی ہے ،مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے گلگت بلتستان میں عوام کی خدمت کی ہے ، 60 ارب کی لاگت سے سڑک بنائی، فاصلے کم ہوئے ، وزیراعظم گلگت بلتستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
ترقیاتی کام کوئی احسان نہیں، عوام کا حق ہے ، ہم نے صرف باتیں نہیں کیں، عملی طور پر کام کر کے دکھائے ہیں، پنجاب اور مرکز ترقی میں سب سے آگے ہیں، مجھے گلگت بلتستان اتنا ہی عزیز ہے جتنا پنجاب، سندھ اور بلوچستان ہے ، گلگت بلتستان میں فنڈزکی کمی بیشی کو وزیراعظم دیکھیں گے ، وزیراعظم سے پیسے لے کر گلگت بلتستان کو میں خود دوں گا، آپ کا بجٹ لوگوں کی جیب میں نہیں جانا چاہئے ۔آن گراؤنڈ استعمال ہونا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ پندرہ سال سے خیبرپختونخوا میں ایک حکومت ہے ، پندرہ سال سے وہاں کیا ہو رہا ہے ، خیبرپختونخوا میں کہاں فری ادویات اور اچھی ٹرانسپورٹ مل رہی ہے ؟