شاہد عباسی اور مفتاح اسماعیل پرموقع پرستی ختم ،سندھ حکومت
پہلے یہ بتائیں اپنے دور حکومت میں کراچی کیلئے کون سا انقلابی قدم اٹھایا؟،ردعمل
کراچی (دنیا نیوز) ترجمان سندھ حکومت گنہور خان نے کہا ہے کہ سیاسی منافقت اورموقع پرستی شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل پر ختم ہے ، کراچی کے مسائل پر شاہد خاقان عباسی دکھاوے کے آنسو نہ بہائیں۔شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی جب وزیر اعظم تھے تب کراچی کو جائز حصہ دینے کے بجائے ایک صوبہ کے منصوبوں پر وفاقی ترقیاتی بجٹ کا بڑا حصہ خرچ ہوتا رہا، کراچی کے ساتھ شاہد خان عباسی نے بطور وزیراعظم جو کیا وہ کسی سے پوشیدہ نہیں، افسوسناک ہے کہ ایک سابق وزیراعظم آج ایسے لہجے میں تنقید کر رہے ہیں جیسے وہ خود اس نظام کا کبھی حصہ ہی نہ رہے ہوں۔
گنہور خان اسران نے کہا کہ تمام جماعتیں کراچی کو صرف ووٹ لینے ، تقریریں کرنے اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے استعمال کرتی رہی ہیں، آج اگر پیپلز پارٹی کراچی میں میگا پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے تو یہ روڑے اٹکانے آگئے ہیں،شاہد خاقان عباسی اگر واقعی مخلص ہیں تو پہلے یہ بتائیں کہ اپنے دور حکومت میں کراچی کے لیے کون سا انقلابی قدم اٹھایا؟۔انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی بتائیں کہ کتنے منصوبے مکمل کیے ؟ کتنے مسائل حل کئے ، صرف فنڈ جاری کرنے کے دعوے کافی نہیں ہوتے ، عوام نتائج مانگتی ہے ، فائلوں کے نمبر نہیں۔