ایس آئی ایف سی اصلاحات سے معاشی بحالی کا نیا دور شروع
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل (SIFC)کی اصلاحات اور سرمایہ دوست پالیسیوں کے باعث پاکستان میں معاشی بحالی،سرمایہ کاری میں نمایاں تیزی دیکھی جا رہی ہے اور صنعتی ترقی کا نیا دور شروع ہوگیا۔
حکام کے مطابق ایس آئی ایف سی ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی توسیع اور اصلاحاتی عمل میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کیا گیا ہے ۔سیکرٹری اے سی ڈاکٹر جہانزیب خان کے مطابق ایس آئی ایف سی زرعی فارمنگ، لاجسٹکس، ریلویز، موٹرویز، فارما اور ویئر ہاؤسنگ جیسے اہم شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہا ہے ، جس کے مثبت اثرات معیشت پر مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سات نئی سیمنٹ فیکٹریوں کے قیام کی راہ ہموار ہوئی ہے جس سے صنعتی پیداوار، روزگار کے مواقع اور تعمیراتی شعبے میں بہتری متوقع ہے ۔ایس آئی ایف سی نے M-12 موٹروے منصوبے کی بحالی کے ذریعے نارتھ ساؤتھ کوریڈور کو مضبوط بنایا ہے ، جس سے تجارت اور ترسیل کے نظام میں بہتری آئے گی۔صحت کے شعبے میں میڈیکل ٹورازم انیشی ایٹو کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ قومی ویکسین پالیسی کی منظوری اور ڈریپ لیبارٹری کو ڈبلیو ایچ او کی پری کوالیفکیشن بھی حاصل ہوئی ہے ۔دوسری جانب پاکستان-یورپی یونین بزنس فورم میں ایس آئی ایف سی نے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا جس سے بین الاقوامی تعاون مزید مضبوط ہوا ہے۔