لیبیا کشتی حادثہ ،دوانسانی سمگلروں کو 22،22سال قید کی سزا
ایف آئی اے عدالت کا اسلم اور ندیم کو 14، 14 لاکھ جرمانے کا بھی حکم
گوجرانوالہ ،سیالکوٹ (نیوز رپورٹر،نمائندہ دنیا ) لیبیا کشتی حادثہ کیس کی سماعت ، انسانی سمگلنگ میں ملوث دو مجرموں کو 22،22سال قید کی سزا سنادی گئی ۔ایف آئی اے عدالت نے انسانی سمگلنگ میں ملوث اسلم اور ندیم جرم ثابت ہونے پر دونوں کو 22، 22 سال قیدِ سخت کی سزا سنا دی ۔عدالت نے دونوں کو 14، 14 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا بھی حکم دیا۔ اسلم اور ندیم نے شہری سے اسکے دو بیٹوں کو اٹلی بھجوانے کے نام پر 62 لاکھ روپے وصول کیے تھے ۔انسانی سمگلروں کے جھانسے میں آنے والے دونوں نوجوان لیبیا کے قریب کشتی حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے ۔ایف آئی اے نے دونوں کیخلاف امیگریشن آرڈیننس اور پی ایس ایم اے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔