اورنج لائن منصوبے کے ٹھیکیداروں کو واجبات ادا ئیگی کا فیصلہ

 اورنج لائن منصوبے کے ٹھیکیداروں کو واجبات ادا ئیگی کا فیصلہ

1 ارب 91 کروڑ روپے سے زائد فنڈز جاری کرنے کے عمل کا آغازکردیا گیا

لاہور (این این آئی)لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے ٹھیکیداروں کو بقایا ریٹینشن رقم کی ادائیگی کا فیصلہ کر لیا گیا ، جس کے لئے حکومت نے 1 ارب 91 کروڑ 15لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کرنے کے عمل کا آغاز کر دیا ۔ذرائع کے مطابق اورنج لائن منصوبے  کے چاروں پیکجز کے سول کنٹریکٹرز کو واجب الادا ادائیگیاں کی جائیں گی، یہ رقم ڈیفیکٹ لائیبلٹی مدت مکمل ہونے کے بعد ادا کی جائے گی جو معاہدے کے تحت ٹھیکیداروں کے لئے واجب الادا تھی۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے )نے اس حوالے سے سمری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ارسال کر دی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی ایکزم بینک کے قرض کی بندش کے باعث یہ ادائیگیاں صوبائی وسائل سے کی جائیں گی۔محکمہ خزانہ، پی اینڈ ڈی بورڈ اور ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے منصوبے کیلئے اصولی منظوری بھی دی جا چکی ،فنڈز دو اقساط میں جاری کرنے کی تجویز زیر غور ہے ، جس کے تحت ایک قسط رواں مالی سال جبکہ دوسری آئندہ مالی سال میں ادا کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں