پاک چین بڑھتا ہوا کاروباری تعاون باعث اطمینان:وزیر اعظم
پاکستان میں آئی بی آئی کے ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹرز کا قیام مثبت ثابت ہوگا رواں ماہ اپنے دورہ چین کا منتظر ہوں،11رکنی چینی کاروباری وفد کیساتھ گفتگو
اسلام آباد (اے پی پی،این این آئی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آئی بی آئی گروپ کی طرف سے پاکستان میں اپنے ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹرز کے قیام کے فیصلے کو سراہتے ہوئے پاکستان اور چین کے مابین کاروباری سطح پر بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعظم سے چین کے 11 رکنی بڑے کاروباری وفد نے وزیر اعظم ہائوس میں ملاقات کی جس کی سربراہی آئی بی آئی بیجنگ یونائیٹڈ ٹیکنالوجی کے بانی، صدر اور کنٹرولنگ شیئر ہولڈر چیان شیاو جون کر رہے تھے ،وزیر اعظم نے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات کا ذکر کیا۔
انہوں نے صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت میں چین کی شاندار ترقی کو سراہا اور کہا کہ وہ رواں ماہ کے آخر میں اپنے دور چین کے منتظر ہیں۔ وزیرِ اعظم نے آئی بی آئی گروپ کے پاکستان میں اپنے ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹرز قائم کرنے کے فیصلے کو سراہا اور پاکستان و چین کے درمیان کاروباری سطح پر بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر نہایت حوصلہ افزا ہے کہ آئی بی آئی ڈیجیٹل، معیشت میں تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی اشتراک کو فروغ دے گا۔پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیان شیاو جون نے کہا کہ آئی بی آئی پاکستان کی معیشت میں ڈیجیٹل اصلاحات میں معاونت کا خواہاں ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی بی آئی کے ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹرز کا قیام اس ضمن میں انتہائی مثبت ثابت ہوگا اور پاکستان کے چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو چینی مارکیٹ تک رسائی فراہم کرکے بے شمار مواقع مہیا کرے گا۔