فلسطینیوں پر ظلم، قبضے اور تشدد کا فوری خاتمہ کیا جائے : شہباز شریف

فلسطینیوں پر ظلم، قبضے اور تشدد کا فوری خاتمہ کیا جائے : شہباز شریف

1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر خودمختار، آزاد فلسطینی ریاست کے حامی جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو فائیو جی کے مکمل تیز تر نفاذ، قومی فائبرائزیشن پالیسی کی تکمیل،مقامی ڈیوائس مینوفیکچرنگ کے فروغ کیلئے پرعزم :پیغام

اسلام آباد(دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف جاری ظلم، قبضے اور تشدد کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ جب ہمارے فلسطینی بھائی بہن نکبہ کی 78ویں پُرسوز برسی منا رہے ہیں، ہم 1948 سے فلسطینیوں کی اپنی سرزمین سے بے دخلی اور اُن پر ڈھائے جانے والے مسلسل مظالم اور مصائب کو یاد کرتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ اس غمناک موقع پر پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ جون 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک خودمختار، آزاد، قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت کرتا ہے ، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔دریں اثنا شہباز شریف نے ورلڈ ٹیلی کمیونیکیشن و انفارمیشن سوسائٹی کے عالمی دن کے موقع پر ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے سے وابستہ افراد، ماہرین ، اداروں، شراکت داروں اور بین الاقوامی معاونین کو انکے پیشہ ورانہ عزم پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک میں فائیو جی کے مکمل تیز تر نفاذ، قومی فائبرائزیشن پالیسی کی تکمیل اور مقامی ڈیوائس مینوفیکچرنگ کے فروغ کے لیے پْرعزم ہے ، ٹیلی کمیونیکیشن ہماری معیشت کا نہایت اہم اور فعال شعبہ ہے ، پاکستان کا ڈیجیٹل شعبہ اور انفراسٹرکچر تیزی سے ترقی کر رہا ہے ، آئی ٹی کی سالانہ برآمدات 3.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، پاکستان موثر اقدامات کے ذریعے ایک مکمل ڈیجیٹل انقلاب کی جانب گامزن ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں