ملک میں ظلم کا نظام قائم، قوم کو اس کا حق دلائیں گے : حافظ نعیم
گولی و گالی کی سیاست عام ، ہر شعبہ میں کرپشن ،جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی نئی نسل کا ہاتھ تھامنے کو تیار نہیں پروگرام بنو قابل میں اب تک 14 لاکھ 50 ہزار بچے رجسٹرڈ ہوچکے :امیر جماعت اسلامی ، چترال میں خطاب
چترال (نمائندہ دنیا)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں گولی اور گالی کی سیاست عام، تعلیم مہنگی اور طبقاتی ، ہر شعبہ میں کرپشن اقربا پروری کا راج اور ظلم کا نظام قائم ہے ، جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی نئی نسل کا ہاتھ تھامنے کو تیار نہیں ، جماعت اسلامی پرامن مزاحمت سے قوم کو اس کا حق دلائے گی،بنو قابل پروگرام گیم چینجر بن گیا، الخدمت پاکستان کے مفت آئی ٹی تعلیم کی فراہمی کے پروگرام بنو قابل میں اب تک 14 لاکھ 50 ہزار بچے رجسٹرڈ ہوچکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چترال میں بنوقابل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام مفت آئی ٹی تربیت میں داخلہ کی تقریب میں ہزاروں طلبا و طالبات نے امتحان دیا، امتحان پاس کرنے والوں کو مختلف دورانیے کے پروگرامات میں تربیت فراہم کی جائے گی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیوں سے وجود میں آیا، نئی نسل ملک سے مایوس نہ ہو بلکہ اعتماد سے متحد ہوکر آگے بڑھے اور جماعت اسلامی کی نظام تبدیلی کی جدوجہد کا حصہ بنیں ، قوم کو مایوسی اور اندھیروں کی دلدل سے نکالیں گے ، نوجوانوں کی مدد سے انقلاب برپا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام جس مقصد کے تحت عمل میں آیا بدقسمتی سے وہ مقاصد 79 برس گزرنے کے باوجود بھی حاصل نہیں ہوئے ، اشرافیہ ، جاگیردار وڈیرے پارٹیاں بدل بدل کر قوم پر مسلط ہیں، افسر شاہی کا راج ہے ، غریب کے بچے کی تعلیم تک دسترس نہیں،چترال میں بنیادی سہولیات دستیاب نہیں، حکمران پارٹیاں ایک ہی قسم کی ہیں، کوئی بھی عوام کو حق دینے کیلئے تیار نہیں، عوام اور خصوصی طور پر نوجوان موجودہ فرسودہ نظام کی تبدیلی کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ بنو قابل پروگرام میں آئی ٹی کے علاوہ ٹیکنیکل کورسز کو بھی شامل کردیا گیا ، ملک میں ہزاروں آئی ٹی لیبارٹریز تیار ہوچکیں، بنو قابل کو زی کنیکٹ (Z-Connect)کا نام دے دیا گیا، اس پروگرام میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی اخلاقی تربیت کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔