مسلح افراد کا دالبندین میں تھانے پر حملہ، 14 قیدیوں کو فرار کروا دیا
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان کے ضلع دالبندین میں ہفتے کو درجنوں مسلح افراد نے تھانے پر حملہ کر کے 14 قیدیوں کو فرار کروا دیا جن میں قتل کے مقدمات میں ملوث قیدی بھی شامل ہیں۔
مسلح افراد نے پولیس تھانہ سٹی پر حملہ کرنے کے بعد اسے آگ بھی لگا دی اور جاتے ہوئے تھانے کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے ۔ بعد ازاں پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ بجھا دی۔چاغی پولیس کے ایک عہدے دار کے مطابق درجنوں مسلح افراد نے دالبندین میں کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی کی تھی۔ ایک روز قبل چاغی سے متصل ضلع نوشکی میں بھی مسلح افراد نے ناکہ بندی کی تھی اور تفتان سے کوئٹہ کو ملانے والی شاہراہ پر موجود پُل کو دھماکے سے اُڑا دیا تھا جبکہ چار یا پانچ گاڑیوں کو بھی نذرِآتش کیا تھا۔محکمہ داخلہ بلوچستان کے معاون بابر خان یوسفزئی کا کہنا ہے ضلع چاغی کے تھانہ سٹی اور مختلف مقامات پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملے کے بعد پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے صورت حال کو کنٹرول میں لے لیا۔