گاہکوں میں 30سیاستدان کے نام بھی شامل ہونے کا انکشاف

گاہکوں میں 30سیاستدان کے  نام بھی شامل ہونے کا انکشاف

کراچی (این این آئی) پنکی کے گاہکوں کی فہرست میں 30 کے قریب سیاستدانوں کے نام بھی شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کردی گئی۔

 تفصیلات کے مطابق بین الصوبائی منشیات فروش انمول عرف پنکی کیس میں سنسنی خیز پیشرفت سامنے آئی ہے ۔ ملزمہ کے ہائی پروفائل کوکین نیٹ ورک کے خریداروں کی فہرست میں 30 کے قریب معروف سیاستدانوں کے نام بھی شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔پولیس حکام نے تحقیقاتی پیشرفت رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر داخلہ ضیا لنجار کو پیش کر دی، جس کے بعد سیاسی و سماجی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ سندھ حکومت کے حوالے کی جانے والی اس انتہائی خفیہ رپورٹ میں پنکی کوکین نیٹ ورک کے تمام بڑے گاہکوں کی تفصیلات موجود ہیں۔ابتدائی رپورٹ میں یہ تفصیلی خاکہ پیش کیا گیا ہے کہ یہ نیٹ ورک کس طرح کام کرتا تھا اور شہر کے کن وی آئی پی حلقوں بالخصوص لگ بھگ 30 سیاستدانوں کو مہنگی ترین منشیات سپلائی کی جا رہی تھی۔ تحقیقاتی رپورٹ میں پنکی کے نیٹ ورک کے کارندوں کا پورا ڈیٹا بھی سامنے آیا ہے ، جس میں بتایا گیا کہ پنکی کراچی میں اپنے بھائی شوکت کے ذریعے کوکین کا کالا دھندا چلا رہی تھی، نیٹ ورک کو آپریٹ کرنے والے مرکزی ہینڈلرز کی شناخت حمزہ، عداس اور عاقب کے نام سے ہوئی ہے ۔کراچی میں سرگرم اس گینگ کے 8 اہم رائیڈرز کا تعلق پنجاب کے شہروں لاہور، فیصل آباد اور وہاڑی سے ہے جبکہ صبا اور انعم عرف اینا نامی خواتین اس نیٹ ورک میں بطور کیریئر (منشیات ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے ) کا کام کر رہی تھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں