ڈاکٹر زاہد لطیف اے آئی اور روبوٹکس شعبوں کے نیشنل چیئر مقرر
لاہور(دنیانیوز)ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پاکستان میں مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے فروغ کیلئے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے ریکٹر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف کو نیشنل چیئر مقرر کردیا۔
اعلامیے کے مطابق یہ اقدام قومی سطح پر پالیسی سازی، تحقیق، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور ٹیکنالوجی کی ترقی کو فروغ دینے کیلئے کیا گیا ہے ۔ نیشنل چیئر ماہرین کے ساتھ مل کر اے آئی اور روبوٹکس کے شعبوں میں موجود نظام، چیلنجز اور پالیسی ترجیحات کا جائزہ لے گا جبکہ قومی مراکز این سی اے آئی اور این سی آر اے کی کارکردگی بھی جانچی جائے گی۔ ایچ ای سی کے اعلامیہ کے مطابق یہ تقرری ایک جامع قومی حکمتِ عملی کے تحت کی گئی ہے ، جس کا مقصد پاکستان میں مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے میدان میں پالیسی سازی، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور تحقیق و ترقی کو فروغ دینا ہے ۔اس اقدام کے تحت نسٹ اسلام آباد کو اس قومی پروگرام کی قیادت سونپی گئی ہے ۔
نیشنل چیئر ماہرین کے ایک پینل کے ساتھ مل کر ملک میں اے آئی اور روبوٹکس کے موجودہ نظام کا جائزہ لے گا اور ان شعبوں میں پالیسی سمت، گورننس اور سٹریٹجک ترجیحات طے کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔اس کا دائرہ کار ایچ ای سی کے زیر سرپرستی قومی مراکز، جیسے نیشنل سینٹر آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس (این سی اے آئی) اور نیشنل سینٹر آف روبوٹکس اینڈ آٹومیشن (این سی آر اے )، کا جائزہ بھی شامل ہے ۔ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ یہ تقرری نسٹ اور اس کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے ، اور پاکستان میں اس ادارے کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاس ہے جو تحقیق، علمی معیار اور ٹیکنالوجی میں جدت کے لحاظ سے ایک نمایاں مقام رکھتا ہے ۔ڈاکٹر زاہد لطیف نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف نسٹ کی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ ملک کیلئے ایک اجتماعی موقع بھی ہے کہ وہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں طویل مدتی حکمت عملی وضع کرے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اے آئی اور روبوٹکس کی ترقی کیلئے جامعات، صنعت، حکومت اور ماہرین کے درمیان مؤثر تعاون ناگزیر ہے ۔