قابلِ اعتماد رابطہ کاری معاشی ترقی کیلئے ناگزیر ،صدرز رداری
ڈیجیٹل نیٹ ورکس تعلیم، صحت، تجارت ، عوامی خدمات کیلئے ضرورت بن چکے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ ٹیلی کمیونی کیشن و انفارمیشن سوسائٹی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں پاکستان کی ٹیلی کمیونی کیشن کمیونٹی اور اُن تمام افراد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو ملک کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔قابلِ اعتماد اور قابل دسترس رابطہ کاری مستقبل میں بھی معاشی ترقی، عوامی خدمات اور تمام پاکستانیوں کے لیے بہتر مواقع تک رسائی کے لیے ناگزیر ہے ۔ ڈیجیٹل نیٹ ورکس تعلیم، صحت، تجارت، بینکاری اور عوامی خدمات کے لیے بنیادی ضرورت بن چکے ہیں۔ پاکستان کا ٹیلی کمیونی کیشن شعبہ قومی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے ۔ مالی سال 2024-25 کے دوران اس شعبے میں 838 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ۔ آج پاکستان میں 205 ملین سے زائد ٹیلی کام صارفین اور 161 ملین سے زیادہ براڈبینڈ صارفین موجود ہیں جنہیں فائبر آپٹک نیٹ ورک، سب میرین کیبل سسٹمز اور ملک گیر موبائل کوریج کی سہولت حاصل ہے ۔