دہشتگردی کیخلاف جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی : فیلڈ مارشل عاصم منیر
شہدا ، غازی قوم کا دائمی فخر،وطن کا امن اور سلامتی ان کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہیں شہدا کے اہلخانہ کی استقامت کو سلام :خطاب، 50ستارہ امتیاز، 12تمغہ بسالت تقسیم
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر، دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہدا اور غازی قوم کا دائمی فخر ہیں ،ان کی عزت اور قربانی ہرپاکستانی کیلئے مقدس امانت ہے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قومی قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔پاک فوج کے شعبئہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو عسکری اعزازات دینے کی ایک پروقار تقریب گزشتہ روز ہوئی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی اور شہدا کے اہلِ خانہ، افسروں اور جوانوں کو آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور ملک کیلئے نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا۔
تقریب میں 50 ستارئہ امتیاز (ملٹری)اور 12 تمغئہ بسالت عطا کئے گئے جبکہ بعد از شہادت دئیے جانے والے تمغے شہداء کے اہلِ خانہ نے وقار اور عزت کے ساتھ وصول کئے ۔شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہدا اور غازی قوم کا دائمی فخر ہیں، ان کی عزت اور قربانی ہر پاکستانی کیلئے مقدس امانت ہے ،وطن کا امن اور سلامتی ان کی ہی عظیم قربانیوں اور فرض سے بے لوث وابستگی کا نتیجہ ہے ۔فیلڈ مارشل نے شہدا کے اہلِ خانہ کی استقامت، وقار اور ثابت قدمی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وطن کیلئے ان کی بے مثال قربانیوں اور غیر متزلزل وابستگی کو سراہا۔چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عملی تیاری اور غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف ان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک بھر میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول تک دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قومی قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔