ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس ایک اور انٹرا کورٹ اپیل دائر
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ میں ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس میں ایک اور انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی گئی۔
خولہ کمال سمیت دیگر رہائشیوں کی جانب سے دائر کی گئی انٹراکورٹ اپیل میں سی ڈی اے اور بی این پی پرائیویٹ لمیٹڈ کو فریق بناتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل جج کے 30 اپریل 2026 کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے اور کہاگیا ہے کہ سنگل بینچ نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کی ماسٹر لیز ڈیڈ کی منسوخی کو قانون کے مطابق قرار دیا تھا،سنگل بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ تھرڈ پارٹی اپیل کنندگان ماسٹر لیز ڈیڈ کے ساتھ ہی ڈوبیں یا تیریں گے ، درخواست گزار اپارٹمنٹس کے اصل خریدار ہیں اور انہوں نے مکمل رقم ادا کرکے قبضہ حاصل کیا،اپیل کنندگان کا بی این پی لمیٹڈ کے کسی بھی مبینہ ڈیفالٹ یا خلاف ورزی میں کوئی کردار نہیں ہے ،سنگل بینچ کے فیصلہ سے خریداروں کے حقوق کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا،سنگل بینچ کے فیصلے کے بعد سی ڈی اے اور انتظامیہ نے زبردستی خالی کرانے کے اقدامات شروع کیے ، استدعاہے کہ خریداروں کے آئینی اور ملکیتی حقوق کے تحفظ کے لیے سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے ۔