عیدالاضحیٰ پر پاکستان ریلوے کا 3 خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

 عیدالاضحیٰ پر پاکستان ریلوے کا 3 خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

کوئٹہ، کراچی اور لاہور سے راولپنڈی و دیگر شہروں کیلئے سروس شروع ہوگی مسافروں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولت فراہم کی جائے گی:ترجمان ریلوے

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) پاکستان ریلوے نے عیدالاضحیٰ 2026 کے موقع پر مسافروں کی اضافی آمدورفت کے پیش نظر ملک کے مختلف شہروں کے درمیان تین خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کو عید کے موقع پر بہتر، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق پہلی خصوصی ٹرین 24 مئی 2026 کو کوئٹہ سے راولپنڈی ، دوسری خصوصی ٹرین اسی روز کراچی سٹی سے راولپنڈی جبکہ تیسری خصوصی ٹرین 25 مئی 2026 کو کراچی کینٹ سے لاہور کے لیے روانہ کی جائے گی۔

خصوصی ٹرینیں ملتان، ساہیوال، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، روہڑی، بہاولپور، خانپور، جہلم اور دیگر اہم سٹیشنوں سے گزریں گی تاکہ ملک بھر کے زیادہ سے زیادہ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کی جا سکے ۔ان ٹرینوں میں اکانومی کلاس کوچز اور پاور وین شامل ہوں گی تاکہ عید کے رش کے دوران زیادہ سے زیادہ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے ، ریلوے انتظامیہ نے متعلقہ ڈویژنز کو خصوصی ٹرینوں کے بروقت اور مؤثر آپریشن کے لیے تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ترجمان کے مطابق ٹرینوں کی رفتار سیکشنل سپیڈ کے مطابق رکھی جائے گی تاہم یہ 105 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز نہیں کرینگی ۔ مسافروں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں