پنکی کے ایک اکاؤنٹ سے 3 کروڑ روپے منتقلی کا انکشاف
تحقیقاتی دائرہ وسیع،ٹیم کے ایف آئی اے ، اے این ایف ، بینکوں سے رابطے کئی کارپوریٹ شخصیات اور نامور اداکاروں کو شامل تفتیش کیے جانے کا امکان تحقیقاتی ٹیم نے سٹیٹ بینک سے بھی مالی ٹرانزیکشنز کی تفصیلات مانگ لیں
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)گرفتار ڈرگ ڈیلر انمول پنکی کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا، کئی کارپوریٹ شخصیات اور نامور اداکاروں کو شامل تفتیش کیے جانے کا امکان ہے ۔ ڈیجیٹل فرانزک اور ابتدائی فنانشل آڈٹ رپورٹ میں کروڑوں روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ کا بھی انکشاف ہوا ہے ، تحقیقاتی رپورٹ میں کروڑوں روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ کا پتہ چلا ہے ،فیاض کمیونیکیشن اکاؤنٹ کے ذریعے بڑے پیمانے پر مالی لین دین کیا گیا، انمول پنکی 860 افراد کیساتھ مسلسل رابطے میں رہی ، 250 سے زائد رجسٹرڈ کلائنٹ نیٹ ورک اور ہائی پروفائل شخصیات شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہائی پروفائل اکاؤنٹس میں کارپوریٹ ادارے ،ایکٹرز اور پبلک آفیشلز شامل ہیں،جے آئی ٹی نے ایف آئی اے ، اے این ایف اور بینکوں سے رابطے شروع کر دیئے ،اعلٰی سطح کی تحقیقات میں مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے ، انمول عرف پنکی کا کراچی میں بڑا نیٹ ورک موجود ہے ، پنکی کے مزید بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی سامنے آ ئی ہیں اوراس کے صرف ایک اکاؤنٹ سے ڈیڑھ سال میں تقریباً 3 کروڑ روپے منتقلی کا انکشاف ہواہے ، کوکین کسٹمرز سے لئے گئے 2 کروڑ 94 لاکھ روپے مختلف بینک اکاؤنٹس میں بھیجے گئے ، ذیشان نامی شخص نے بینک سے دیگر اکاؤنٹس میں ڈیڑھ سال کے دوران یہ رقم منتقل کی، تحقیقاتی ٹیم نے سٹیٹ بینک سے مالی ٹرانزیکشنز کی تفصیلات مانگ لی ہیں ۔