پہلی بار شناختی کارڈ کیلئے دستخط کرنا اختیاری قرار دیدیا گیا
اسلام آباد (آئی این پی)قومی ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے شناختی کارڈ کے اجرا سے متعلق نئے قواعد جاری کر دیئے ۔
جس کے مطابق پہلی مرتبہ شناختی کارڈ کیلئے درخواست دیتے وقت دستخط کرنا اختیاری قرار دیا گیا ہے ، اگر درخواست گزار دستخط نہ کرے تو شناختی کارڈ پر دستخط کی جگہ این اے درج کیا جائے گا،شناختی کارڈ پر دستخط کی جگہ انگوٹھے کے نشان یا کسی دوسرے نشان کی پرنٹنگ بھی نہیں کی جائے گی ، جعل سازی کے خدشات کے پیش نظر انگوٹھے کے نشان کی تصویر سے بھی گریز کیا جائے گا۔ ترجمان نادرا کے مطابق ناخواندہ افراد اور دستخط نہ کر سکنے والوں کیلئے آگاہی مہم شروع کر دی ہے ، ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرواتے وقت انگوٹھے کے نشان کی تصویر اپ لوڈ نہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے ، شناختی کارڈ پر دستخط شامل کروانے یا موجودہ دستخط تبدیل کروانے کیلئے درستگی کی درخواست دینا لازمی ہوگا۔