خوردنی تیل میں 2035تک 70فیصد خود کفالت کا ہدف
اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان نے درآمدی خوردنی تیل پر انحصار کم کرنے اور 2035 تک 70 فیصد خود کفالت حاصل کرنے کیلئے جامع سٹریٹجک منصوبہ تیار کر لیا۔
وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے مطابق پاکستان آئل سیڈ ڈیپارٹمنٹ نے مقامی سطح پر تیل دار اجناس اور زیتون کی کاشت بڑھانے کیلئے ترقیاتی حکمت عملی مرتب کی ہے ۔منصوبے کے تحت 2035 تک سالانہ خوردنی تیل کی پیداوار اور درآمدی متبادل کو 4.578 ملین ٹن سے بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس سے سالانہ 7.017 ارب ڈالر کی بچت متوقع ہے ۔ مالی سال 2024-25 کے دوران پاکستان نے 4.169 ملین ٹن خوردنی تیل درآمد کیا جس کی مالیت 1407 ارب روپے رہی جبکہ مقامی پیداوار صرف 0.474 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی۔وزارت کے مطابق تیل دار اجناس کے زیرکاشت رقبے کو 1.240 ملین ہیکٹر سے بڑھا کر 4.600 ملین ہیکٹر تک لے جانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ اسی مقصد کیلئے ایک ہزار منی ایکسپیلرز اور 1500 زرعی مشینوں کی تنصیب بھی تجویز کی گئی ہے تاکہ پیداوار اور پراسیسنگ صلاحیت بہتر بنائی جا سکے ۔زیتون کی کاشت کے فروغ کیلئے مالی سال 2024-25 کے دوران 822452 قلمیں لگائی گئیں جبکہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 108859 زیتون کے پودے اور 737 ایکڑ پر ڈرِپ آبپاشی نظام نصب کیا گیا۔