جعلی شادی کی دستاویزات پر بیرون ملک سفر کی کوشش ناکام،خاتون مسافر آف لوڈ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے نے جعلی شادی کی دستاویزات پر بیرون ملک سفر کی کوشش ناکام بنا کر خاتون مسافر کو آف لوڈ کردیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پر تعینات امیگریشن عملے کو عمان جانے والی خاتون مسافر کرن نے مشکوک اور جعلی رشتہ داری کی دستاویزات پیش کیں۔انہوں نے بتایا کہ خاتون نے دعویٰ کیا کہ اس نے ایک پاکستانی شہری سجاول سے شادی کی ہے جو عمان میں مقیم ہے ۔خاتون نے بیان دیا کہ اس کی شادی ایک سال قبل ہوئی تھی تاہم بارکوڈ کیوآر کی جانچ کے دوران پیش کردہ میرج سرٹیفکیٹ مشکوک پایاگیا اور اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ترجمان کے مطابق خاتون اپنے مبینہ شوہر اور سسرال سے متعلق بنیادی معلومات فراہم نہ کرسکی اور دوران تفتیش بیانات میں تضادات بھی سامنے آئے ۔انہوں نے کہا کہ غیرتسلی بخش معلومات کی بنیاد پر آف لوڈ کی گئی خاتون مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسداد انسانی سرکل کراچی منتقل کردیا گیا۔