جنید اکبر سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کو حراست میں لیکر گلگت بدر کر دیا گیا
ممبرقومی اسمبلی سلیم الر حمن ، سید محبوب شاہ، ڈاکٹر امجد علی ،ایم پی اے نعیم خان کو ہنزل سے حراست میں لیا گیا بغیر اجازت ریلی نکالی ، وزیر داخلہ جی بی ، یہ جمہوریت کا نقصان ، بیرسٹر گوہر ، خود گلگت جائونگا ، سہیل آفریدی
اسلام آباد (دنیا نیوز ، مانیٹرنگ ڈیسک )جی بی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر اور ان کے ساتھیوں کو حراست میں لینے کے بعد گلگت بدر کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق اراکینِ قومی اسمبلی سلیم الرحمٰن، سید محبوب شاہ ڈاکٹر امجد علی خان اور ایم پی اے نعیم خان کو صوبہ بھی بدر کیا گیا ،کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے جنید اکبر خان نے کہا کہ ہم امن و امان قائم رکھنے کیلئے یہاں سے جا رہے ہیں، اگر کسی اور جماعت کا رہنما مہم کیلئے یہاں آیا تو دوبارہ واپس آئیں گے ۔ پولیس حکام نے بتایاکہ جنید اکبر کو ساتھیوں سمیت گلگت بلتستان میں ہنزل سے حراست میں لیا گیا ۔وہ الیکشن مہم کے سلسلے میں گلگت بلتستان کا دورہ کررہے تھے ۔ دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جنید اکبرکو حراست میں لینے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنید اکبر کو حراست میں لینا اور انہیں الیکشن مہم سے روکنا قابل مذمت ہے ، انتخابات سے قبل الیکشن مہم سے روکنا دھاندلی کے مترادف ، گلگت بلتستان میں بھی سیاسی سپیس نہ دینے سے جمہوریت کا نقصان ہوگا۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو انتخابی مہم سے دور رکھنا بدترین سیاسی انتقام ہے ، سیاسی آزادی سلب کرنا جمہوری اقدار کی نفی ہے ، سپیکر قومی اسمبلی معاملے میں فوری مداخلت کریں،گلگت بلتستان میں سیاسی میدان یک طرفہ بنانے کی سازش ہورہی ہے ، انتخابی مہم روکنے کے ہتھکنڈے جمہوریت کیلئے خطرناک ہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے جنید اکبر اور دیگر پارلیمنٹرینز کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے خود گلگت جانے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا ایسے رویے پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور ان اقدامات سے نفرتیں بڑھ رہی ہیں۔سہیل آفریدی نے کہا وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ان کی کال کا جواب نہیں دے رہے جو غیر جمہوری اور غیر سیاسی رویہ ہے ۔انہوں نے واضح کیا گلگت بلتستان کو نو گو ایریا نہیں بننے دیں گے ۔اس حوالے سے وزیرداخلہ گلگت بلتستان ساجد علی بیگ نے کہا کہ جنید اکبر اور انکے ساتھیوں نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، جنید اکبر بغیر اجازت اور اطلاع جگلوٹ پہنچے اور ریلی سے خطاب کیا۔وزیرداخلہ نے بتایا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر نے گلگت میں بھی بنا اجازت ریلی نکالی، جنید اکبر کو این او سی لینے کا کہاگیا تھا لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا، خلاف ورزی پر جنید اکبر اور انکے ساتھیوں کو غذر جاتے ہوئے حراست میں لیاگیا۔وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جنید اکبر کو گلگت بدر کیا گیا، انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلاتفریق کارروائی ہوگی۔