تھیلیسیما میں مبتلا بیٹی کی تیمارداری کیلئے والد کو رہا کرنیکا حکم
افغان شہری کی بیوی بیٹی سمیت پشاورہائیکورٹ پیش،چیف جسٹس کادلائل سن کرفیصلہ
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے تھیلیسیما میں مبتلا بچی کے والد کو اپنی بچی کی تیمارداری کے لیے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔فاضل بینچ نے پاکستانی خاتون کی جانب سے اپنے گرفتار افغان شوہر کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسکی موکلہ مسماۃ شبینہ نے افغان شہری گل محمد سے شادی کی ہے اور ان کی دو بیٹیاں بھی ہیں، تاہم کچھ عرصہ پہلے پشاور پولیس کی طرف سے گل محمد کو چودہ فارن ایکٹ کے تحت قانونی اسناد نہ رکھنے کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ شوہر گھر کا واحد کفیل ہے جبکہ ان کی ایک کمسن بیٹی خون کی بیماری تھیلیسیما کی مرض میں مبتلا ہے گھر میں اور کوئی مرد بھی نہیں جسکی وجہ سے اسکی بیٹی کی صحت پر انتہائی برے اثرات مرتب ہورہے ہیں،سماعت کے دوران مسماۃ شبینہ اپنے بیمار بیٹی کے ہمراہ عدالت میں موجود تھی، چیف جسٹس نے دلائل سننے کے بعد گل محمد کے فوری رہائی کے احکامات جاری کردیئے تا کہ وہ اپنی بیمار بچی کا علاج کر سکیں۔