ممکنہ 28ویں آئینی ترمیم کو مستردکرتے ہیں :وکلارہنما
ترمیم صوبائی خود مختاری ختم کرنے کیلئے لائی جارہی :حامدخان،بابر مرتضیٰ
لاہور (کورٹ رپورٹر) تحریک انصاف کے رہنما حامد خان نے کہا ہے کہ صوبائی خود مختاری ختم کرنے کیلئے ممکنہ 28ویں آئینی ترمیم لائی جا رہی ہے ، جبکہ وکلا کی آئین کی بحالی اور عدلیہ کی آزادی کی تحریک کامیاب ہوگی۔لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہور بار کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ لاہور میں وکلا کنونشن ہو رہا ہے جس میں وکلا کی بھرپور شرکت ہوگی۔ قوم کے حقوق پر ڈاکا ڈالا گیا ہے اور ملک میں آئین کی اصل روح متاثر ہوئی ہے ۔ آئین کا حلیہ بگاڑ دیا گیا ہے اور یہ ترمیم آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی ہے ۔صدر لاہور ہائیکورٹ بار بابر مرتضیٰ نے کہا کہ وکلاء ممکنہ 28ویں ترمیم کو مسترد کرتے ہیں ۔صدر لاہور بار ایسوسی ایشن عرفان حیات باجوہ نے کہا کہ حکومتی ٹولے نے بار ایسوسی ایشنز کے معاملات میں مداخلت شروع کر دی ہے ،ہم عوامی مینڈیٹ والی حکومت کو تسلیم کریں گے۔