ترقی کیلئے صنعت کا فروغ ،بیرونی سرمایہ کاری ناگزیر:وزیراعظم
صنعتی مصنوعات کی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ حکومتی ترجیحات میں شامل توانائی کی بچت اور سستی ٹرانسپورٹ الیکٹرک وہیکلز پالیسی وقت کی اہم ضرورت
اسلام آباد (نامہ نگار،دنیا نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کے لئے صنعت وحرفت کا فروغ اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے ، سرمایہ کاری میں اضافہ اور معیشت کی مجموعی ترقی کے لئے شعبہ جاتی اصلاحات اور پا لیسی اقدامات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ صنعتی مصنوعات کی ملکی پیداوار میں اضافے اوربرآمدات بڑھانے کے لیے موثر پالیسی اقدامات حکومتی ترجیحات کا حصہ ہیں، صنعت و تجارت اور معیشت کے مختلف شعبہ جات میں اصلاحات کا مقصد طویل المدتی معاشی افادیت اور عوامی فلاح ہونا چاہئے ،وزیراعظم نے کہا کہ مستقبل کی توانائی کی ضروریات کو متبادل توانائی کے ذرائع سے پورا کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر بھرپور انداز میں کام ہو رہا ہے ، توانائی کی بچت اور سستی ٹرانسپورٹ کی ملکی ضروریات پوری کرنے کے لئے جامع اور موثر الیکٹرک وہیکلز پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مختلف شعبوں میں شمولیت کے لئے تمام وزارتیں اور ماہرین کی بامعنی مشاورت کو یقینی بنائیں، موثر ترقیاتی پالیسیز کی تشکیل و نفاذ کے لئے تمام وزارتیں باہمی تعاون اور ہم آہنگی سے کام کریں، تمام اصلاحات اور اقدامات میں انتظامی شفافیت اور بہترین کارکردگی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کی جانب سے مختلف زیر غور پالیسی تجاویز پر بریفنگ دی گئی،اجلاس میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر پاور ڈ و یژن سردار اویس لغاری، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، کے معاون خصوصی ہارون اختر اور ڈائریکٹر جنرل ایس آئی ایف سی میجر جنرل اسد الرحمن چیمہ نے شرکت کی۔