وزیراعظم صاحب! شہباز سپیڈ دکھائیں، پہلے بھاشا ڈیم مکمل پھر کوئی اور منصوبہ : بلاول بھٹو
صدرآصف زرداری 18ویں ترمیم نہ لاتے تو موٹروے نہ بنتی ،ملک میں سی پیک نہ لے کر آتے تو یہ کیسے اورنج ٹرین چلاتے ؟ ’’قیدی 420‘‘نے امریکا کو کس چیز کا ’’ایبسلوٹلی ناٹ ‘‘کہا ،مرد حر نے لات مار کر امریکی اڈے بند کئے ،مہمانوں کو خدا حافظ کیا غریب دشمن جماعتیں الیکشن مینیج کرنے کی کوشش کر ر ہیں ، عوام کی طاقت سے جیتیں گے ، جیالا وزیراعلیٰ لائیں گے ،خطاب
چلاس (دنیا نیوز،آئی این پی ،این این آئی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ غریب دشمن منشور رکھنے والی جماعتیں الیکشن مینیج کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، پیپلز پارٹی صرف عوام کی طرف دیکھ رہی ہے ، سات جون کوعوام کی طاقت سے جیتیں گے ، جیالا وزیراعلیٰ منتخب کرائیں گے ، عوام تیر پر مہر لگائیں میں حکومت بنا کر دکھاؤں گا، وہ گلگت بلتستان کے علاقے چلاس کی فٹ بال گراؤنڈ میں انتخابی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔
بلاول نے کہا کہ وزیراعظم صاحب!ہم نے شہباز سپیڈ کا سنا ہے ، دیامر کے عوام کو شہباز سپیڈ دکھائیں ، مودی آبی جارحیت کررہا، وفاق دیامر بھاشا ڈیم جلد مکمل کرے کیونکہ پاکستان کے لیے اس وقت اس سے اہم کوئی اور منصوبہ نہیں، دیامربھاشا ڈیم کی تکمیل کے بعد ہی پی ایس ڈی پی سے کسی اور منصوبے کے لیے اینٹ لگائی جائے، صدر آصف زرداری اٹھارہویں ترمیم لے کر آئے ، روٹی، کپڑا، مکان کے نعرے پرعملی طور پر کام کیا، صدرزرداری کی حکومت سازش کے تحت ختم نہ کی گئی ہوتی تو دیامر بھاشا ڈیم بن چکا ہوتا، صدرزرداری 18ویں ترمیم نہ کرتے تو یہ موٹروے وغیرہ نہیں بنا سکتے تھے ،کچھ لوگ کہتے ہیں ہم نے یہ کیا وہ کیا، صدر زرداری سی پیک نہ لاتے تو یہ کیسے اورنج ٹرین چلاتے ؟۔
انہوں نے کہا کہ آمر کے دور میں امریکی فوجی اڈوں کی اجازت دی گئی تھی، ایک’’قیدی 420 ‘‘کہتا ہے کہ اس نے امریکا کو ’’ایبسلوٹلی ناٹ‘‘ کہا تھا، تم نے ایبسلوٹلی ناٹ کس چیز کا کہا؟ مشرف حکومت کے بعد مرد حر کی حکومت تھی جس نے ایک لات مار کر تمام امریکی اڈے بند کئے اور مہمانوں کو خدا حافظ کیا،ایٹم بم اور میزائل ٹیکنالوجی کا تحفہ پیپلز پارٹی نے دیا، پارٹی کا تیسرا بڑا کارنامہ فوجی اڈوں کو بند کرنا تھا ، یہ بہادری صرف پیپلزپارٹی نے دکھائی تھی، ہنری کسینجر نے شہید بھٹو کو کہا تھا ایٹم بم نہ بنائیں، بھٹو نے جان کی قربانی دیدی مگر پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ آج بھی پاکستان کو ایسی جماعت کی ضرورت ہے جو دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرے ، گزشتہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے تھے ، بدقسمتی سے ہم سے 9سیٹیں چھین لی گئی تھیں، بلاول نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے تحت گلگت بلتستان کو اس حق دلوائیں گے ، کوئی تحفے میں پلیٹ میں رکھ کر حقوق نہیں دیتا، حقوق جد وجہد کرکے لینے پڑتے ہیں، ہم آپکے حقوق دلوائیں گے ۔