ٹرمپ گریٹر اسرائیل وجود میں لانا چاہتے :ایرانی قونصل جنرل

ٹرمپ گریٹر اسرائیل وجود میں لانا چاہتے :ایرانی قونصل جنرل

پاکستان کے ذریعے معلومات کا تبادلہ ،امریکا سے براہ راست مذاکرات نہیں :موحد فر امریکا کو اڈے دینے والے عرب ممالک ہمیں جرمانہ دیں:لاہور پریس کلب میں گفتگو

لاہور(سٹاف رپورٹر)ایران کے لاہور میں تعینات قونصل جنرل مہران موحد فر نے کہا ہے کہ ٹرمپ چاہتا ہے گریٹر اسرائیل وجود میں آئے ، امریکا نے ایران میں 149 تاریخی مقامات ،30 یونیورسٹیوں ،763سکولوں اور55لائبریریوں کو نشانہ بنایا، 1023گھروں ،130 ہیلتھ سنٹرز اور 30 ہسپتالوں کو تباہ بھی کردیا ، ایٹمی ہتھیاروں کا بہانہ بناکر امریکا نے عراق سمیت مختلف ملکوں پر حملے کئے ، افسوس ہے کہ کچھ اسلامی ممالک نے امریکا کو اپنے اڈے دئیے ، جس نے مدد کی اب ان پر فرض ہے وہ ہمیں جرمانہ دیں، امریکی اڈے نہ ہوتے تو ان ممالک پر حملہ  ہی نہ ہوتا، ایران نے 14 صفحات کاڈرافٹ امریکا بھیجا ،پاکستان کے ذریعے معلومات کا تبادلہ ہو رہا ،امریکا سے براہ راست مذاکرات نہیں ہو رہے ،پاکستان ہمارا برادر اسلامی ملک اور ہمارے دوطرفہ گہرے تعلقات ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہورپریس کلب کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،قبل ازیں لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سیکرٹری افضال طالب، فنانس سیکرٹری سالک نواز نے معزز مہمان کو کلب آمد پر خوش آمدید کہا۔ ایرانی قونصل جنرل نے مزید کہاکہ این پی ٹی کے ممبر پر حملہ کیا گیا، ایک ایٹمی پلانٹ امریکا نے لگایا جس پر اختلاف کے بعد روسی سائنسدانوں سے اشتراک کرلیا ، دوسرا فرانس کاہے ،ہم 10فیصد شیئر ہولڈر ہیں ، تیسرا ایٹمی پلانٹ جرمنی نے لگایا ،ہم چاہتے ہیں دنیا ایٹمی ہتھیاروں سے پاک ہو ۔ہم نے اپنا دفاع کیا،ہمسایہ ممالک سے ہماری کوئی لڑائی نہیں ،جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کا شکریہ ادا کرتے ہیں،فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر اعظم شہبازشریف اور اسحاق ڈار کے مشکور ہیں ،جلد آیت اللہ خامنہ ای کی تدفین کے پروگرام کا اعلان کریں گے ۔اس موقع پرارشد انصاری نے کہاکہ پاکستان مستقل جنگ بندی چاہتا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں