موٹرویز ،دیگر منصوبوں میں سعودیہ کو سرمایہ کاری کی پیشکش
کراچی پورٹ ایم 10، ایم6 اور ایم 13 سرمایہ کاری کیلئے موزوں منصوبے ہیں علیم خان سے سعودی بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پرگفتگو
اسلام آباد (اے پی پی) سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین پرنس منصور بن محمد السعود کی قیادت میں وفد نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفاقی وزیر نے پاکستان میں موٹرویز کی تعمیر اور دیگر منصوبوں میں سعودی بزنس کونسل کو سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔پرنس منصور بن محمد السعود نے کہا کہ سعودی پاکستان بزنس کونسل مواصلات کے شعبے میں شراکت داری کر سکتی ہے ۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ کراچی پورٹ ایم 10، سکھر-حیدرآباد ایم6 اور کھاریاں-راولپنڈی ایم 13موٹرویز سرمایہ کاری کے لئے موزوں ترین منصوبے ہیں۔سعودی بزنس کونسل نے M6, M10 اور M 13 موٹرویز کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ۔پرنس منصور بن محمد السعود نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو اپنے فورم سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔