مریم نواز کا تمام اضلاع میں ماڈل ایگریکلچر مالز قائم کرنے کا اعلان

مریم نواز کا تمام اضلاع میں ماڈل ایگریکلچر مالز قائم کرنے کا اعلان

ملتان، بہاولپور، ساہیوال اور سرگودھا میں ماڈل ایگریکلچر مالز فعال کسانوں کی سہولت اور خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا :وزیراعلیٰ

 لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست وژن کے تحت پنجاب میں پہلی مرتبہ کاشتکاروں کو اپنی ضروریات کی تمام سہولتیں گاؤں کے قریب ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں۔ صوبہ پنجاب اب ’’ون سٹاپ ایگریکلچر اِن پٹ مارکیٹ‘‘کے دور میں داخل ہو چکا ہے ۔ملتان، بہاولپور، ساہیوال اور سرگودھا میں ماڈل ایگریکلچر  مالز مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے تمام اضلاع میں ماڈل ایگریکلچرمالز قائم کرنے کااعلان کرتے ہوئے مزید 10 اضلاع میں ماڈل ایگریکلچر مالز کے قیام کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔

ماڈل ایگریکلچر مالز میں کاشتکاروں کو زرعی مداخل، معیاری بیج، کھاد، زرعی ادویات، ماہرینِ زراعت سے مشاورت اور دیگر ضروری سہولتیں ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی، اس کے علاوہ جدید زرعی مشینری اور آلات بھی کرائے پر حاصل کئے جا سکیں گے ۔ایگریکلچر مالز کا انتظام جی سی سی آئی نجی شعبے کے اشتراک سے کر رہا ہے ۔ آئندہ مرحلے میں فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، خانیوال، راجن پور، وہاڑی، رحیم یار خان، اٹک اور میانوالی میں بھی ماڈل ایگریکلچر مالز قائم کئے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے کاشتکاروں کی سہولت اور خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کی زندگی میں بہتری لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور مرحلہ وار پنجاب کے تمام اضلاع میں ماڈل ایگریکلچر مالز قائم کئے جائیں گے ۔دریں اثنامریم نواز نے ملتان میں کرنٹ لگنے سے تین ورکرز کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں