محرم میں امن ترجیح، بھرپوراقدامات کررہے :عظمیٰ بخاری
واقعہ کربلا حق پر ثابت قدمی کی لازوال مثال :شیخوپورہ میں کانفرنس سے خطاب
شیخوپورہ ،لاہور(ڈسٹرکٹ رپورٹر،سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا ہے کہ محرم الحرام حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ، محرم الحرام میں امن وامان اولین ترجیح ہے ، پنجاب حکومت امن و امان کے قیام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔ شیخوپورہ میں امام بارگاہ کلاں میں 31ویں سالانہ حضرت امام حسینؓ امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ واقعہ کربلا حق، انصاف اور اصولوں پر ثابت قدمی کی لازوال مثال ہے ۔
محرم الحرام کے دوران صبر، تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور سوشل میڈیا پر مذہبی، سیاسی یا سماجی منافرت پھیلانے سے گریز کرنا ضروری ہے ۔مریم نواز نے محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔بعدازاں گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کو ہمیشہ عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیا ہے ،گلگت بلتستان میں ترقیاتی کاموں کا سہرا مسلم لیگ (ن)کے سر ہے اور دیگر جماعتوں نے وہاں عملی طور پر کوئی نمایاں کام نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں کارکردگی کے بجائے الزام تراشی اور پروپیگنڈے کے ذریعے عوام کی حمایت حاصل کرنا چاہتی ہیں، لیکن عوام ان حربوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔