بی آر ٹی ویلو لائن میں اربوں کرپشن کی تحقیقات کامطالبہ
یہ کہہ کر جان نہیں چھڑائی جاسکتی کہ ادائیگی کا بعد میں پتہ چلا،سیف الدین ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لا کر لوٹی رقم وصول کی جائے ،بیان
کراچی (این این آئی)قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ نے بی آر ٹی ویلو لائن منصوبے میں اربوں روپے سے زائد کی کرپشن اور پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کے بچانے کی کوششوں کی اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ سندھ حکومت کی ناقص نگرانی، بدانتظامی اور کرپشن کے فروغ کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے میں ہونے والی تمام کرپشن کی آزاد، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور عوام کے لوٹے گئے وسائل کی مکمل وصولی یقینی بنائی جائے ۔شرجیل میمن یہ کہ کر جان نہیں چھڑا سکتے کہ افسر نے بغیر کام کے ٹھیکیدار کو اربوں روپے کی ادائیگی کردی اور ا نہیں بعد میں پتہ چلا،سندھ حکومت کے اتنے ناقص نظام کے انکشاف کے بعد تو یہ سوال اٹھ کھرا ہوا ہے کہ نجانے کن کن منصوبوں میں اس ہی طرح اربوں کے گھپلے ہورہے ہوں گے ،کچھ دن قبل دو ضلع کے ڈپٹی کمشنر سیلاب زدگان کی امداد کے اربوں روپے سرکاری اکاؤنٹ سے نکال کر فرار ہوگئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ضمیر عباسی کو کس کی سرپرستی حاصل تھی اور وہ کس طرح ہمیشہ سندھ حکومت کے اہم عہدوں پر تعینات ہوتے رہے سب سامنے آنا چاہیے ،اگر تحقیقاتی ادارروں کی جانب سے بلاامتیاز کارروائی کی جاتی تو آج عوام کو ایسے بڑے مالی اسکینڈلز کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔