پنجاب اسمبلی ڈیجیٹل نظام پر منتقل ، پہلا پیپر لیس اجلاس : کروڑوں روپے بچت ہو گی : سپیکر

 پنجاب اسمبلی ڈیجیٹل نظام پر منتقل ، پہلا پیپر لیس اجلاس : کروڑوں روپے بچت ہو گی : سپیکر

تمام ارکان اسمبلی کی نشستوں پر خصوصی کوڈ کے حامل ٹیبلٹس فراہم کر دیئے :ملک محمد احمد،حکومتی ایم پی ایز کا خراج تحسین متعدد اہم آرڈیننس اور بل پیش ، اپوزیشن ارکان کا گندم کے مسائل پر گفتگو کی اجازت نہ ملنے پر احتجاج ،آج پھر اجلاس ہو گا

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی نے پارلیمانی تاریخ میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پہلی مرتبہ مکمل طور پر ای اسمبلی نظام کے تحت اجلاس منعقد کیا، جس کے ساتھ ہی ایوان کی کارروائی پیپر لیس ہو گئی۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز ایک گھنٹہ 53 منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت شروع ہوا تو آغاز پر نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی ظفر عباس خان نے حلف اٹھایا جبکہ ایوان میں سابق رکن اسمبلی ملک ندیم کامران، صفدر لغاری اور تربت میں وفات پانے والے پاکستانی شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔بعد ازاں ملک محمد احمد خان نے پہلی ای اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ پنجاب اسمبلی پیپر لیس نظام کے ذریعے جدید پارلیمانی دور میں داخل ہو چکی ،اس اقدام سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے بچت بھی ہوگی،اجلاس کے دوران سوالات کے وقفے میں ریونیو اور کالونیز سے متعلق امور زیر بحث آئے ۔ اس موقع پر ارکان نے سیلاب متاثرین کی بحالی، ریونیو مسائل اور عوامی شکایات کا معاملہ بھی اٹھایا۔

اجلاس میں متعدد اہم آرڈیننس اور بل پیش کئے گئے جن میں پنجاب جوڈیشل اکیڈمی ترمیمی آرڈیننس 2026ء، پنجاب فوڈ سیفٹی لاز ترمیمی آرڈیننس 2026ء، آغا خان پراپرٹیز سیکسیشن اینڈ ٹرانسفر بل 2026ء، پنجاب ٹرسٹس ترمیمی بل 2026ء، پنجاب کنٹرول آف ہیبیچوئل آفینڈرز اینڈ اینٹی سوشل بی ہیویئر بل 2026ء، قائداعظم انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز سرگودھا بل 2026ء، پبلک سیکٹر میڈیکل یونیورسٹیز ترمیمی بل 2026ء، پنجاب کنسولیڈیشن آف ہولڈنگز بل 2026ء، پنجاب سنٹر آف ایکسیلینس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم ترمیمی بل 2026ء، اینٹی ٹیررازم پنجاب ترمیمی بل 2026ء، سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل 2026ء اور پنجاب ویجیٹیبل مارکیٹ لاہور بل 2026ء شامل تھے ۔ تمام بل مزید غور و خوض کے لیے دو ماہ کیلئے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیئے گئے ۔دوسری جانب اپوزیشن ارکان نے گندم کے مسائل پر بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر احتجاج کیا۔ اپوزیشن رکن بریگیڈیئر مشتاق احمد نے کورم کی نشاندہی کی جس پر گھنٹیاں بجائی گئیں، تاہم کورم مکمل نہ ہونے پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے چیف وہپ رانا محمد ارشد کو سخت الفاظ میں تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ کورم پورا کرنا ان کی ذمہ داری ہے ۔ بعد ازاں اجلاس آج بروز منگل دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں