راولاکوٹ میں شہید اہلکار کی میت کی بے حرمتی، ویڈیو وائرل

راولاکوٹ میں شہید اہلکار کی میت کی بے حرمتی، ویڈیو وائرل

فتنہ الخوارج کا اسکی حمایت کرنا ہینڈلر بھارت کی بے چینی ظاہر کرتا:حکام

اسلام آباد (دنیا رپورٹ) راولاکوٹ میں 7 جون کو آزاد کشمیر پولیس کے اہلکاروں پر تشدد ، حملے اور لاش کی بے حرمتی کی ویڈیو منظرعام پر آ گئی۔ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں نے راولاکوٹ میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت سیدھی گولیاں چلائیں۔ ویڈیو میں پرتشدد حملے اور شہید پولیس اہلکار کی لاش کی بے حرمتی کرتے دیکھا جا سکتا ہے ۔ حکام کے مطابق بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے حق میں بڑھ چڑھ کر اعلامیہ بھی جاری کر چکا ہے ۔ بیرون ملک بیٹھا پاکستان مخالف سوشل میڈیا بھی فیک نیوز اور اے آئی مواد کے ذریعے گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے ۔ بھارتی اور پاکستان مخالف غیر ملکی سوشل میڈیا نے جس طرح کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو سپورٹ کیا اس سے ان کے بیرونی روابط اور عزائم بے نقاب ہو چکے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ 48 سے 72 گھنٹوں کے اندر کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کی دہشتگردانہ سوچ اور بھارتی بیانیہ بری طرح بے نقاب ہو چکا ہے ۔ ماہرین کے مطابق احتجاج کی آڑ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر کیے گئے حملوں نے ان کے مذموم اور تخریبی عزائم کو پوری طرح بے نقاب کر دیا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ لاشوں کی بے حرمتی جیسے مکروہ فعل سے واضح ہے کہ ایکشن کمیٹی کا اسلامی روایات اور اخلاقیات سے ہر گز کوئی تعلق نہیں۔ فتنہ الخوارج کا کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی حمایت میں کھل کر منظر عام پر آنا ان کے ہینڈلر بھارت کی بے چینی کو ظاہر کرتا ہے کیونکہ آزاد کشمیر میں انتشار کی بھارتی کوشش مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں