امراضِ قلب میں مبتلا ہزاروں بچے علاج ، سرجری کے منتظر

امراضِ قلب میں مبتلا ہزاروں بچے علاج ، سرجری کے منتظر

وزیراعلیٰ ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 18 ہزار 344 مریض بچے رجسٹرڈ کیے جا چکے حکومت پُرعزم ،کوئی بچہ مالی مشکلات کے باعث علاج سے محروم نہ رہے :سلمان رفیق

لاہور (بلال چودھری )پنجاب سمیت ملک بھر میں دل میں سوراخ اور دیگر پیدائشی امراضِ قلب میں مبتلا ہزاروں بچے بروقت علاج اور سرجری کے منتظر ہیں۔ ماہرین کے مطابق بچوں کے دل کے امراض کے علاج کیلئے خصوصی مراکز، جدید طبی سہولیات اور ماہر چلڈرن کارڈیک سرجنز کی تعداد موجودہ ضرورت کے مقابلے میں ناکافی ہے ، جس پروالدین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت ابتک 18 ہزار 344 مریض بچے رجسٹرڈ کیے جا چکے ہیں جبکہ پروگرام کیلئے 3 ارب 36 کروڑ  کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 12 ہزار 926 بچوں کے کامیاب آپریشن مکمل کیے جا چکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے 11 ہزار 817 بچوں کو دل کی سرجری کی سہولت فراہم کی گئی جبکہ خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار 109 بچوں کے بھی مفت آپریشن کیے گئے ۔ اسکے باوجود 5 ہزار سے زائد بچے تاحال سرجری کے منتظر ہیں۔لاہور کے چلڈرن ہسپتال سمیت چند بڑے مراکز میں بچوں کے دل کے آپریشنز کی سہولیات موجود ہیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ حکومت اس پُرعزم ہے کہ کوئی بھی بچہ مالی مشکلات پرعلاج سے محروم نہ رہے ۔ سرکاری اور نجی شعبے کے اشتراک سے بچوں کے دل کے آپریشنز میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے اور انتظار کی فہرست میں شامل بچوں کے آپریشنز تیز رفتاری سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں