بلاول گلگت کے عوام کو مایوس نہیں کرینگے
لاہور(سپیشل رپورٹر ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔۔۔
گلگت بلتستان کے الیکشن میں عوام نے پیپلزپارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا،بلاول بھٹو وہاں کے عوام کو کبھی مایوس نہیں کرینگے ،سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان کے بعد اب پنجاب کے الیکشن میں بھی تیر چلے گا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گلگت میں گلگت بلتستان کے ہم منصب سید مہدی شاہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا،گلگت بلتستان سے پیپلزپارٹی کے کامیاب امیدواروں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ،گلگت بلتستان کے عوام نے جس محبت کا اظہار کیا اسے پورے پاکستان نے دیکھا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آزاد امیدوار بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے ، ان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ،پیپلز پارٹی مزدوروں،کاشتکاروں اور پسے طبقات کی نمائندہ جماعت ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری آئندہ ملک کے وزیراعظم ہوں گے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے ،گلگت بلتستان کی طرح پنجاب میں بھی پیپلزپارٹی اپنا کھویا مقام دوبارہ حاصل کرے گی اورپنجاب کے عوام بھی آئندہ الیکشن میں تیر کے نشان پر مہر لگا کر اپنی محبت کا اظہار کریں گے۔