قتل مقدمے میں پنکی کا بیان ریکارڈ کرانے میں تاخیر ،عدالت برہم

قتل مقدمے میں پنکی کا بیان ریکارڈ کرانے میں تاخیر ،عدالت برہم

قانونی کارروائی بروقت مکمل کی جائے ، تاخیر برداشت نہیں کی جا سکتی،ریمارکس

 کراچی (سٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف بغدادی تھانے میں درج قتل کے مقدمے میں مدعی کا دفعہ 164 ضابطہ فوجداری کے تحت بیان ریکارڈ کرانے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو آئندہ روز دوبارہ عدالتمیں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔سماعت کے دوران مقدمے کے مدعی کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے تاخیر سے عدالت میں پیش کیا گیا، جس پر عدالت نے سخت ناراضی کا اظہار کیا۔عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ مدعی کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے پیش کرنے کا یہ کون سا وقت ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس نوعیت کے مقدمات میں ضروری قانونی کارروائی بروقت مکمل کی جانی چاہیے اور غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جا سکتی۔ بعد ازاں عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ مدعی مقدمہ کو صبح 9 بجے دفعہ 164 کے تحت بیان ریکارڈ کرانے کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے ۔عدالت نے مزید کارروائی کے لیے سماعت آئندہ روز تک ملتوی کر دی۔

دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف گارڈن تھانے میں درج منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کے دو مقدمات میں تفتیش مکمل کرنے اور چالان پیش کرنے کے لیے پولیس کو 15 جون تک مہلت دے دی۔سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ دونوں مقدمات کی تفتیش تاحال جاری ہے اور بعض اہم شواہد اور رپورٹس موصول ہونا باقی ہیں، جس کے باعث حتمی چالان پیش نہیں کیا جا سکا۔ تفتیشی افسر کے مطابق منشیات کے مقدمے میں شریک ملزموں سہیل، ذیشان اور سمیر کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ان کے بینک اکاؤنٹس کا کچھ ریکارڈ بھی موصول ہو چکا ہے ۔ تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ شریک ملزموں کے موبائل فونز پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو بھجوائے گئے تھے ، تاہم ان کی فرانزک رپورٹ ابھی تک موصول نہیں ہوئی۔ غیر قانونی اسلحہ کے مقدمے کے حوالے سے تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ سے برآمد اسلحہ کی معائنہ رپورٹ اور محکمہ داخلہ سندھ سے مطلوبہ ریکارڈ بھی تاحال موصول نہیں ہوا، جس کے باعث تفتیش مکمل نہیں کی جا سکی۔عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے دونوں مقدمات میں چالان پیش کرنے کے لیے 15 جون تک مہلت دے دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں