آندھی اوربارش،آسمانی بجلی گرنے سے 2 نوجوان جاں بحق
چک امرو میں 13 سالہ حنظلہ،17 سالہ شاہزیب چل بسے ،3افراد زخمی قصور میں مسجد کی دیوار گھر میں گرگئی ،5افراد زخمی ،مزید بارش کی پیشگوئی
لاہور چک امرو،قصور(دنیا نیوز،نامہ نگار،خبر نگار، نمائندہ دنیا )لاہور سمیت کئی شہروں میں تیزآندھی کے بعد بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ،آسمانی بجلی گرنے سے 2نوجوان جاں بحق ،دیواریں گرنے سے 8افراد زخمی ہو گئے ،تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں جوہر ٹاؤن، کوٹ لکھپت، ٹاؤن شپ، فیروز پور روڈ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، ایئرپورٹ، مال روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک سمیت متعدد علاقوں میں ابر کرم برس پڑا، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا۔قبل ازیں نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس اور ارد گرد کے علاقوں میں شدید آندھی چلی، آندھی چلنے سے شہر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ قذافی سٹیڈیم، نیشنل ہاکی سٹیڈیم، پنجاب سٹیڈیم اور انٹر نیشنل سوئمنگ جمنیزیم کے علاقے بھی آندھی کی لپیٹ میں آئے اور آسمان پر گہرے بادل چھا گئے ،آندھی چلنے کے بعد لاہور کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہو گئی جبکہ تیز ہواؤں سے موسم بھی خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا ۔ ترجمان کے مطابق شام اور رات کے وقت راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاوالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، نور پور تھل، لیہ، بھکر، میانوالی، بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان میں تیز آندھی کے ساتھ کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے ،چک امرو میں 2نوجوان آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق جبکہ 3افراد زخمی ہو گئے ،ریسکیوحکام کے مطابق ظفروال روڈ اور سنکھترا روڈ پر آسمانی بجلی گرنے سے 13 سالہ حنظلہ اور 17 سالہ شاہزیب جاں بحق ہوئے ۔گاؤں خانووال شکرگڑھ میں دیوار گرنے سے 55 سالہ شاہد زخمی ہو گیا جبکہ کرتارپور کے قریب سولر پلیٹ گرنے سے وقاص اور مجاہد زخمی ہوئے ، قصور کے نواح بھسرپورہ میں آندھی کے باعث مسجد کی دیوار گھر کے صحن میں گر نے سے سوئے ہوئے 5 افراد زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں 70 سالہ حنیفاں بی بی ، 19 سالہ فاطمہ ، 30 سالہ بلال ، 14 سالہ ماریہ اور 40 سالہ صفیہ شامل ہیں، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد مزید علاج کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور منتقل کر دیا گیا ہے ۔