9 مئی کیس : علیمہ و دیگر کی عبوری ضمانت میں توسیع

9 مئی کیس : علیمہ و دیگر کی عبوری ضمانت میں توسیع

خدشہ ہے عمران کو زہر نہ دیا ہو، بات کرنا مداخلت ہے تو کرینگے :علیمہ جو حکومتیں دہشتگردی کر رہیں انہیں عدالت پیش نہیں کرنا چاہیے ؟ اسد عمر

لاہور(کورٹ رپورٹر)انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان،عظمیٰ خان ،اسد عمر و دیگر کی عبوری ضمانت کی درخواستوں میں 9 جولائی تک توسیع کردی،عدالت نے آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن اور وکلا سے دلائل طلب کرلئے ۔ دوسری طرف عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے ،خدشہ ہے عمران خان کو زہر نہ دیا گیا ہو،اگر بھائی کیلئے بات کرنا پی ٹی آئی میں مداخلت ہے تو ہم کریں گے ،یہ سارے بانی کے نام پر ووٹ لے کر آئے مگر کیا فائدہ ہوا؟ سہیل آفریدی کسی مشکل میں نہیں،25 کروڑ عوام  اپنے حق کیلئے کھڑے ہوں گے تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔

پی ٹی آئی کے سابق رہنما اسد عمر نے کہایہ سوال ہونا چاہیے جو بجٹ پیش کرنے جا رہے ان کی کارکردگی کیا رہی ہے ؟اللہ کے فضل سے شہباز شریف تواتر سے بجٹ پیش کرنے والے ذوالفقار علی بھٹو کے بعد دوسرے شخص بننے جا رہے ہیں ،پاکستان کی تاریخ میں اس سے بدترین کارکردگی کبھی کسی حکومت کی نہیں ہوئی،آج پاکستان میں سرمایہ کاری 50 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ،آج ہم انسداد دہشتگردی عدالت میں کھڑے ہیں جو پاکستان کے ساتھ حکومتیں دہشتگردی کر رہی ہیں کیا ان کو بھی یہاں پیش نہیں کرنا چاہیے ،اب کہا گیاآنے والا بجٹ آئی ایم ایف کا بجٹ ہو گا،جب جہاز خریدے جاتے ہیں تو اس وقت آئی ایم ایف انہیں نہیں روکتا؟، جو شخص بس میں سفر کرتا ہے اسے بھی ٹیکس دینا پڑتا ہے ،اس بجٹ میں حکومت 1500 ارب کا ٹیکس وصول کرنے جا رہے ہیں ، حکومت نے لیوی 50 روپے سے بڑھا کر 113 روپے کردی،پی ٹی آئی حکومت نے عوام پر لیوی صفر کردی تھی،اب اس حکومت کو چاہیے کہ معافی مانگ لے ، حکومت نے اپنے کیسز بند کروانے تھے ، وہ کروا لئے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں