میڈیا انڈسٹری کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا ،عطا تارڑ
میڈیا کا جمہوری عمل میں اہم کردار ہے ، اسکی مضبوطی ،ورکرز کا تحفظ قومی ضرورت
اسلام آباد (دنیا نیوز، نامہ نگار )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے الیکٹرانک میڈیا کی مضبوطی اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کو قومی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا انڈسٹری کو درپیش مالی مشکلات کے حل کے لئے حکومت اور تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا قومی مفاد، عوامی آگاہی اور جمہوری عمل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ، اس لئے اس کی بقا اور استحکام کے لئے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اشتہارات چینلز کی ریٹنگ کے مطابق د ئیے جاتے ہیں ،سابق دور میں ٹی وی چینلز کے اشتہاری ریٹس میں کمی کے منفی اثرات سامنے آئے ،وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک میڈیا کو پیمرا، ایف بی آر اور دیگر ریگولیٹری اداروں کو جوابدہ ہونا پڑتا ہے ،ڈیجیٹل میڈیا پالیسی تاحال مکمل طور پر منظور نہیں ہوئی، انہوں نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ میں پاکستان خصوصاً سیالکوٹ میں تیار کردہ فٹبال کا استعمال باعث فخر ہے اور محدود وسائل کے باوجود پی ٹی وی سپورٹس نے ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق حاصل کئے ، تاکہ نوجوانوں کو عالمی کھیلوں کی نشریات تک رسائی فراہم کی جا سکے ۔