ایرانی استقامت، پاکستانی قیادت کی بصیرت نے امریکی سازش ناکام بنائی : شہید امت کانفرنس
آیت اللہ شہید کو خراج عقیدت پیش ،دشمن تفرقہ پھیلانے کی کوشش کریگا :راجہ ناصر،متحد ہونا ہوگا:سعد رفیق امریکہ خفت مٹانا چاہتا :جواد نقوی، پاکستان کی صلح کی کوششوں کو سراہتے ہیں:ایرانی قونصل جنرل،دیگر کا بھی خطاب
لاہور(سیاسی نمائندہ)اتحاد امت فورم کے زیر اہتمام مینار پاکستان کے مقام پرامتِ مسلمہ کے عظیم رہبر سید علی خامنہ ای شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور پاکستان کی سالمیت، قومی وحدت، خودمختاری اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و بیداری کے پیغام کو اجاگر کرنے کیلئے ’’شہیدِ امت کانفرنس‘‘منعقد ہوئی، جس میں ہزاروں مردوخواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ مقررین نے آیت اللہ خامنہ ای شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی استقامت، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی بصیرت اور چینی ٹیکنالوجی نے امریکا کو شکست سے دو چار اور ایران کو فتح سے ہمکنار کیا، امریکا اور اسرائیل چاہتے تھے ایران اور عرب دنیا میں جنگ چھڑ جائے ، پاکستانی قیادت نے بہترین حکمت عملی سے اس سازش کو بھی ناکام بنایا ۔
کانفرنس سے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق، قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ ناصر عباس، سربراہ تحریک بیداری امت مصطفی علامہ سید جواد نقوی ،پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈاپور، علامہ امین شہیدی، علامہ احمد اقبال رضوی، جماعت اسلامی کے رہنما جاوید قصوری ، امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے چیئرمین حضور مہدی ،آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر امین شیرازی،ایرانی قونصل جنرل مہران موحدفر اور دیگر نے خطاب کیا۔ سینیٹر راجہ ناصر عباس نے کہا کہ آزادی کی قیمت دینا پڑتی ہے ، امام خمینی کے انقلاب میں 65 ہزار افراد نے شہادتیں پیش کیں، پوری دنیا نے انقلاب ایران کیخلاف ورلڈ وار شروع کی جو بیک وقت کئی شکلوں میں تھی، پوری دنیا ہار گئی، انقلاب اور اسلام جیت گیا۔
رہبر شہید نے پابندیوں کے باوجود ایران کو طاقتور کیا۔ محرم الحرام میں دشمن ہمارے درمیان تفرقہ پھیلانے کی کوشش کریگا لیکن ہم نے تفرقہ کی زبان سے بچنا ہے ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ، ایران نے ایمانی طاقت سے امریکی غرور خاک میں ملا یا، ہمارا دشمن متحد ہے ہمیں بھی متحد ہونا ہے ، وہ وقت بھی آئے گا جب پاکستان ،ترکی ،ایران عالم عرب کا عظیم اتحاد وجود میں آئے گا، اختلافات سے بلند ہو کر مشترکہ قومی مقاصد پر اتفاق وقت کی ضرورت ہے ۔
علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ ٹرمپ نے پاکستان کو غلط استعمال کرنے کی کوشش کی لیکن پاکستان نے دانائی سے ان کے فتنہ کا حصہ نہ بن کر عالمی سطح پر وقار حاصل کیا ، اب شکست خوردہ امریکا مذاکرات کے بہانے خفت مٹانا چاہتا ہے ، کانفرنس اجتماعی شعور، قومی وحدت اور فکری بیداری کا عملی اظہار ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ اللہ کی راہ میں قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جاتیں، یہ تاریخ بدل دیتی ہیں ۔ایرانی قونصل جنرل مہران موحدفر نے خطاب میں حکومت پاکستان اور عوام کا ایران اور ایرانی قوم سے بھرپور اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے صرف آنسو نہیں بہائے بلکہ دشمن کے خلاف مقابلہ بھی کیا ، ایرانی حکومت کی طرف سے پاکستان کی صلح کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ کانفرنس کے اختتام پر علامہ امین شہیدی نے مشترکہ اعلامیہ پیش کیا۔