ایکشن کمیٹی کے کارکنوں کا پولیس اہلکار پر تشدد ، ٹانگ توڑ دی

 ایکشن کمیٹی کے کارکنوں کا پولیس اہلکار پر تشدد ، ٹانگ توڑ دی

اسلام آباد پولیس کے اے ایس آ ئی جاوید مسیح راولاکوٹ سے راولپنڈی جا رہے تھے مظاہرین نے مرضی کا بیان دینے پر مجبور کیا ، زخمی اہلکار سی ایم ایچ راولا کو ٹ منتقل

اسلام آباد (دنیا رپورٹ)جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے پرتشدد عناصر کا اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی پر تشدد، اسسٹنٹ سب انسپکٹر جاوید مسیح شدید زخمی ہو گئے جنہیں ٹانگ میں فریکچر کے باعث سی ا یم ایچ راولاکوٹ منتقل کر دیا گیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ جاوید مسیح اپنی والدہ کی علالت کے باعث سول کپڑوں میں گھر جا رہے تھے ، انہوں نے ایک موٹر سائیکل کا انتظام کیا اور سٹی پولیس سٹیشن میں ملازم مقامی رہائشی مہتاب صادق سے راولپنڈی کی طرف چھوڑنے کی درخواست کی، سفر کے دوران رائے چوک کے قریب 15 سے 20 مظاہرین نے انہیں روک لیا اور 22 ایم ایم کیلیبر رائفل کے فولڈنگ بٹ سے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اے ایس آئی کی بائیں ٹانگ ٹوٹ گئی۔مظاہرین نے انہیں زبردستی ایک ویڈیو بیان ریکارڈ کرنے پر بھی مجبور کیا جس میں ان سے یہ کہلوایا گیا کہ ان کی ٹانگ موٹر سائیکل حادثے میں ٹوٹی ہے ، مظاہرین نے ان سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری اور ان کے مقامات کے بارے میں بھی پوچھ گچھ کی۔ حکام کے مطابق زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے ، واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں